’ٹیکس نظام میں بہتری سے تعلیم عام ہو سکتی ہے‘

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عنبر شمسی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
ثقافت اور تعلیم سے متعلق اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سمیت 67 ممالک میں اگر ٹیکس کے نظام کو زیادہ مؤثر بنایا جائے تو ان ممالک کی حکومتیں ہر بچے کو معیاری پرائمری اور سیکنڈری تعلیم فراہم کر سکیں گی۔
یونیسکو کی تازہ رپورٹ، ایڈیوکیش فار آل گلوبل مانٹرنگ رپورٹ کے مطابق، پاکستان اپنے بجٹ کے دس فیصد تعلیم کے شعبے پر خرچ کرتا ہے، جبکہ یونیسکو کی سفارش بیس فیصد ہے۔
یونیسکو کے شراکت دار ادارے ایکشن ایڈ پاکستان کے ترجمان زکریا نٹکانی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اس بات کا عالمی سطح پر وعدہ کیا ہے کہ پاکستان 2015 تک ملک کے تمام بچوں کو سکول میں داخل کرے گا اور شرحِ خواندگی کو 87 فیصد بڑھائے گا۔
تاہم 2014 کے تین ماہ گزر گئے ہیں اور ان تمام اہداف کے حصول کی منزل ابھی بہت دور ہے۔ مثال کے طور پر شرحِ خواندگی 47 فیصد ہے جبکہ سکول میں بچوں کے داخلے کی شرح 57 فیصد ہے۔ ’اگر ہم اب چیزوں کو درست کرنا شروع کریں گے، تب بھی بہت سال لگیں گے۔‘
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ان 37 ممالک میں سے ہے جنہیں تعلیم کو ترجیح دینے اور ٹیکس کی آمدنی کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
یونیسکو کی تجویز ہے کہ اگر پاکستان اپنی مجموعی قومی پیداور یعنی جی ڈی پی میں سے چودہ فیصد تعلیم پر خرچ کرے تو پاکستان کے تمام بچوں کو تعلیم فراہم کی جا سکے گی۔ اس وقت پاکستان کے جی ڈی پی کا اڑھائی فیصد تعلیم کے شعبے کے لیے مختص ہے۔
ایکشن ایڈ کے زکریا نٹکانی کہتے ہیں کہ ’گذشتہ حکومت نے آئین میں آرٹیکل پچیس اے کو متعارف کروایا گیا ہے جس کے تحت ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنے کا حق ہے۔ ’یہ اب ریاست کی زمہ داری ہے لیکن تعلیم پر بہت کم خرچ کیا جا رہا ہے۔‘
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبے سےتعلق رکھنے والے اثرورسوخ رکھنے والے گروہوں کی وجہ سے انہیں کم ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔ اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ جی ڈی پی کا بائیس فیصد حصہ زرعی شعبے کا ہے جبکہ جی ڈی پی کو اس شعبے سے صرف ایک فیصد ٹیکس جاتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ویسے آج ہی قومی اسمبلی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ اسمبلی اسد عمر کی جانب سے پیش کی گئی براہِ راست ٹیکس بڑھانے کی قرارداد منظور ہوئی ہے۔ قرارداد پر بحث کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے اراکینِ اسمبلی نے مسئلہ اٹھایا کہ زرعی شعبے پر زیادہ ٹیکس لاگو ہونا چاہیے۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رکن اور پارلیمنٹری سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ ٹیکس ادائیگیوں میں اضافے کے لیے حکومت نے کونسل قائم کی ہے، اور 77000 افراد کو ٹیکس نہ ادا کرنے پر نوٹس بھیجے گئے ہیں۔

زکریا نٹکانی نے بتایا کہ تعلیم کے اخراجات کے نوے فیصد تو اساتذہ کی تنخواہوں کو جاتے ہیں جبکہ صرف دس فیصد پڑھانے کے نئےطریقے متعارف کروانے کے لیے خرچ ہوتے ہیں ’تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے بھی کوشش نہیں کی جاتی۔ جی ڈی پی کے دو فیصد میں سے مزید دس فیصد کو کلاس کے ماحول کو خوشگوار بنانے یا پڑھائی کے تخلیقی طریقوں پر تحقیق کرنے کے لیے خرچ ہوتے ہیں۔ اور اس دس فیصد میں سے کچھ حصہ وہ ہوتا ہے جو استعمال ہی نہیں ہوتا۔‘
خیال رہے کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت تعلیم اب صوبوں کے اختیار میں ہے اور اس کے لیے بجٹ اور آمدنی میں اضافے کی ذمہ داری ہر صوبے کی الگ ہے۔







