نیٹو کنٹینروں پر حملہ، دو افراد ہلاک اور دو زخمی

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے سامان لے جانے دو کنٹینروں پر حملہ کیا گیا ہے جس میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
نیٹو سپلائی کی بندش پر پابندی اٹھانے کے بعد یہ پہلا حملہ ہے۔
خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل تحصیلدار علی شیر نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح جمرود تحصیل کے علاقے سوقمر میں پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو فورسز کے لیے سامان لے جانے والی دو کنٹینر ٹرک پشاور سے افغانستان جارہے تھے کہ مسلح افراد کی طرف سے ان پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی جس میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
مرنے والوں میں گاڑیوں کے ڈرائیور اور کلینر شامل ہیں۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پرسرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔
یاد رہے کہ یہ حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب چند دن قبل ہی خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تین ماہ تک جاری رہنے والی نیٹو سپلائی کی بندش ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عدالت عالیہ نے صوبائی حکومت کو حکم دیا تھا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی گاڑیوں کو روکنے کے اقدام کا سختی سے نوٹس لے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پابندی اٹھانے کے بعد کسی نیٹو گاڑی پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ قرار دیا جارہا ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سال نومبر میں خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں ایک مدرسے پر امریکی ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں برسرِاقتدار سیاسی جماعت تحریکِ انصاف نے نیٹوگاڑیوں کی آمد و رفت روک دی تھی۔







