افغان ٹرانزٹ گاڑیاں روکنا غیر قانونی: پشاور ہائی کورٹ

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس ملک منظور حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یہ احکامات منگل کو تاجربرادری کی جانب سے دائر کی گئی ایک رٹ درخواست کو منظور کرتے ہوئے جاری کیے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنپشاور ہائی کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس ملک منظور حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یہ احکامات منگل کو تاجربرادری کی جانب سے دائر کی گئی ایک رٹ درخواست کو منظور کرتے ہوئے جاری کیے
    • مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان سے افغانستان آنے جانے والی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی گاڑیوں کو روکنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔

عدالت نے صوبائی حکومت کو حکم جاری کیا کہ وہ پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ان گاڑیوں کو روکنے کے اقدام کا سختی سے نوٹس لے۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس ملک منظور حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یہ احکامات منگل کو تاجر برادری کی جانب سے دائر کی گئی ایک رٹ درخواست کو منظور کرتے ہوئے جاری کیے۔

پشاور کے رامپورہ گیٹ کے تاجروں کے ایک نمائندے حاجی لعل محمد نے ہائی کورٹ کے وکیل شاہ نواز خان کی توسط سے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت ایک رٹ درخواست دائر کی تھی۔

اس درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ پشاور کے تاجر روزانہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی گاڑیوں میں کھانے پینے کی چیزیں اور دیگر سامان تجارت کے غرض سے افغانستان بھیجتے ہیں، لیکن تحریکِ انصاف کے کارکن رنگ روڈ پر ان گاڑیوں کو روک کر نہ صرف ڈرائیوروں کو بے جا تنگ کرتے ہیں بلکہ اس کی وجہ سے عام گاڑیوں کو بھی آنے جانے میں تاخیر کا سامنا رہتا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل شاہ نواز خان نے بی بی سی کو بتایا کہ عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی گاڑیوں کو روکنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عدالت نے صوبائی حکومت کو حکم جاری کیا ہے کہ وہ ان واقعات کا سختی سے نوٹس لے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل میاں راشد جان نے حکومت کی جانب سے عدالت کو بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے پہلے بھی کارروائی کی گئی تھی اور تحریکِ انصاف کے کچھ کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں ایک مدرسے پر ہونے والے امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کے بعد برسرِاقتدار سیاسی جماعت تحریکِ انصاف نے نیٹوگاڑیوں کی آمدورفت روک دی تھی۔

تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی بعض گاڑیوں کو اتحادی افواج کا سامان لے جانے والی گاڑیاں سمجھ کر انھیں روکا اور ڈرائیوروں پر تشدد بھی کیا۔

ان واقعات کے بعد پولیس نے تحریک انصاف کے کچھ کارکنوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے۔