گھوٹکی:گیس کی پائپ لائن تباہ، دو ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں قدرتی گیس کی ایک پائپ لائن دھماکے سے تباہ ہوگئی اور اس واقعے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
حیدرآباد سے صحافی علی حسن کے مطابق یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تین بجے کے قریب میر کوش کے مقام پر پیش آیا جب 36 انچ قطر کی پائپ لائن میں دھماکہ ہوا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پائپ لائن میں آگ لگ گئی اور اس کی حفاظت پر مامور دو اہلکار اس واقعے میں ہلاک ہوئے ہیں۔
واقعہ میں دو افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تاحال پائپ لائن پھٹنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اور مرمت کا کام بھی شروع نہیں کیا جا سکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے دھماکہ گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوا۔ مقامی تھانے کے ایس ایچ او عبدالحمید کا کہنا ہے کہ ان کا اندازہ ہے کہ پائپ لائن زیادہ دباؤ کی وجہ سے پھٹی۔
ان کے مطابق جس جگہ پائپ لائن تباہ ہوئی وہیں سے ایک اور لائن بھی گزر رہی ہے تاہم اسے اس واقعے میں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
تاہم سوئی سدرن گیس کے ترجمان نے دباؤ کی وجہ سے پائپ لائن پھٹنے کے امکان کو رد کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مذکورہ پائپ لائن سے قادر پور گیس فیلڈ سے پنجاب کے مختلف علاقوں کو گیس فراہم کی جاتی ہے اور اس کی تباہی کے بعد صوبے کے کئی علاقوں کو گیس کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
خیال رہے کہ یہ رواں ماہ بلوچستان اور سندھ سے پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن پھٹنے کا دوسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل نو فروری کو پنجاب کے جنوبی شہر رحیم یار خان کے قریب قدرتی گیس کی تین مرکزی پائپ لائنیں دھماکے سے تباہ ہوگئی تھیں۔
پولیس نے اس واقعے میں تخریب کاری کا امکان ظاہر کیا تھا۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور پنجاب کے سرحدی علاقوں میں چند برس قبل تک شدت پسندوں کی جانب سے گیس پائپ لائنوں کو تواتر سے نشانہ بنایا جاتا رہا تاہم گذشتہ دو برس میں ایسے واقعات میں کمی دیکھی گئی ہے۔







