ہنگو: دستی بم دھماکے میں چھ بچے ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع ہنگو میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مکان کے سامنے دھماکے میں چھ بچے ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ دھماکہ اتوار کی سہ پہر ہنگو شہر سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور مضافاتی گاؤں بابر میلہ میں ہوا۔
ہنگو پولیس کے اہلکار شفیع محمد نے بی بی سی کو بتایا کہ ذرگل نامی ایک شخص کے مکان کے سامنے کھلے میدان میں بچے کھیل رہے تھے کہ اس دوران ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ انھوں نے کہا کہ دھماکے میں چھ بچے ہلاک ہوگئے۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ دھماکہ دستی بم سے کیا گیا ہے اور پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک پین بھی ملا ہے۔
ہلاک ہونے والے بچوں کی لاشیں ضلعی ہپستال ہنگو منتقل کردی گئی ہیں۔ مرنے والوں میں تین بچیاں اور تین بچے شامل ہیں جن کی عمریں دس سال سے لے پانچ سال تک بتائی جاتی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بچے اورکزئی ایجنسی سے نقل مکانی کرنے والے ایک شخص ذر گل کے بیٹے، بیٹیاں اور بھتیجیاں بتائی جاتی ہیں۔
خیال رہے کہ بابر میلہ گاؤں ہنگو کوہاٹ کے مرکزی شاہراہ سے چند فرلانگ کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس گاؤں سے چند سو میٹر دور اورکزئی ایجنسی کا ہیڈ کوارٹر بھی واقع ہے جہاں ایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ اور دیگر افسران کے دفاتر واقع ہیں۔



