تحفظِ پاکستان آرڈیننس کا جائزہ لیں گے: سپریم کورٹ

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ حکومت کے پیش کردہ تحفظِ پاکستان آرڈیننس کا جائزہ لے گی اور بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہونے کی صورت میں اس سے متعلق فیصلہ بھی دے سکتی ہے۔
یہ بات عدالت میں جبری گمشدہ افراد سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران ریمارکس میں سامنے آئی۔
جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے مالاکنڈ ایجنسی میں واقع حراستی مرکز سے لاپتہ ہونے والے 35 افراد سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔
اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے جبری گمشدگیاں روکنے کے لیے ایک نیا قانون بنایا ہے جس پر جلد ہی عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔
بینچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عدالت کے سامنے ایسا کوئی نیا قانون موجود نہیں ہے اور عدالت ان افراد سے متعلق اُنھی قوانین کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ دے گی جو اس وقت ملک میں رائج ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت جو حالات ہیں وہ قانون کی عمل داری کو یقینی نہ بنانے کا نتیجہ ہے۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اس نئے قانون سے ملک میں جبری گمشدگیوں اور شدت پسندی کے واقعات میں نمایاں کمی آنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ ایسے واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوانے میں مدد بھی ملے گی۔
اُنھوں نے کہا کہ حراستی مرکز سے لاپتہ ہونے والے افراد سے متعلق عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے مجاز حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور وفاقی حکومت عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جسٹس جواد ایس خواجہ نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ نئے قانون کی کاپی عدالت میں جمع نہیں کروائی گئی جس کے بعد عدالت میں اس آرڈیننس کی کاپی جمع کروا دی گئی۔
عدالت کا کہنا تھا کہ اس مسودے کو دیکھنے کے بعد ہی کوئی رائے قائم کی جاسکتی ہے کہ نیا آرڈیننس قانون کے مطابق ہے یا نہیں۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان آرڈیننس میں تین ترامیم کی گئی ہیں اور راتوں رات یہ آرڈیننس تیار کیا گیا ہے جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھاکہ ایک صدارتی آرڈیننس کو پیش کرنے میں اتنی تاخیر کیوں کی گئی جبکہ اس کا مسودہ جولائی میں تیار کیا گیا تھا۔
صوبہ خیبر پختون خوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حراستی مرکز سے لاپتہ ہونے والے افراد کا معاملہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے جس پر بینچ کے سربراہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کا خیال رکھےکہ وہ کہاں ہیں اور اگر اُنھیں جبری طور پر گمشدہ کیا گیا ہے تو اُن کے خلاف کون سے مقدمات تھے۔
اس مقدمے کی سماعت 27 جنوری تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔







