الجزیرہ کے نمائندے کو ’اغوا‘ کرنے کی کوشش

،تصویر کا ذریعہAhmed Zaidan
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں الجزیرہ کے نمائندے احمد موفق زیدان کے مکان پر ہفتے کی شام نامعلوم افراد نے زبردستی گھسنے کی کوشش کی اور مزحمت کرنے پر فرار ہو گئے۔
احمد زیدان نے بی بی سی کو بتایا کہ ہفتے کی شام جب وہ دفتر سے جی 10 سیکٹر میں واقع اپنے مکان پہنچے تو کچھ افراد ان کے مکان آئے۔
’میرے مکان پر تعینات گارڈز سے انھوں نے کہا کہ وہ انٹیلیجنس ایجنسی سے ہیں اور زیدان کو بلا دیں۔ گارڈز نے کہا کہ ہم نہیں بلا سکتے جس پر وہ زبردستی گیٹ کھول کر داخل ہوئے۔‘
زیدان نے کہا کہ کُل چھ افراد تین گاڑیوں میں سوار ان کے مکان آئے تھے جن میں سے تین کے پاس اسلحہ تھا۔
انھوں نے بتایا کہ نامعلوم افراد میں دو یا تین افراد نے دروازہ کھٹکایا۔ ’میں نے اندر سے پوچھا کون ہے تو کوئی جواب نہیں آیا۔ میں نے تھوڑا سے دروازہ کھولا تو ایک شخص زبردستی اندر داخل ہوا۔
میں نے اس کو دھکا دیا اور لات ماری اور دروازے سے باہر نکال کر دروازہ بند کردیا۔ اس کے بعد میں نے پولیس اور دوستوں کو فون کیے۔‘
احمد زیدان نے بتایا کہ ان کو ایس ایس پی اسلام آباد ڈاکٹر رضوان نے آج یعنی اتوار کو طلب کیا ہے تاکہ تحقیقات میں پیش رفت ہو سکے۔
احمد زیدان کم از کم پندرہ سالوں سے پاکستان میں رہائش پذیر ہیں اور کافی عرصے سے الجزیرہ کے ساتھ منسلک ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کسی خفیہ ادارے کی کارروائی نہیں لگتی بلکہ ایک جرائم پیشہ گروہ ہے جس نے پہلے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10 میں کارروائی کی تھی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو صحافیوں کی حفاظت کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرے گی۔
دو دن پہلے ہی جمعہ کو کراچی میں ایک نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے عملے پر مسلح افراد کی فائرنگ میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔







