بلوچستان: چار مسخ شدہ لاشیں برآمد

ان افراد کی ہلاکت کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے ہیں
،تصویر کا کیپشنان افراد کی ہلاکت کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے ہیں
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے چار تشددہ زدہ مسخ شدہ لاشیں ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق اتوار کو کوئٹہ سے ایک اور وزیرستان سے متصل ضلع ژوب سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

ژوب پولیس کے ایک اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے یہ لاشیں قمر الدین روڈ پر پھینکیں۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ ان میں سے ایک شخص کو سر میں گولیاں ماری گئیں جبکہ باقی دو کے جسم کے دوسرے حصوں پر گولیوں کے نشانات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان افراد کی لاشوں کے قریب سے ایک پرچی ملی ہے جس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق بنوں اور وزیرستان سے ہے۔

ان کے مطابق پرچی پر چار افراد کے نام درج ہیں لیکن وہاں سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ لاشوں کو ژوب ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور تاحال ان کی ہلاکت کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک تشدد زدہ لاش کوئٹہ شہر کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن سے ملی۔

سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کے مطابق ہلاک کیے جانے والے شخص کے سر اور کمر میں گولیاں ماری گئیں اور اسے شناخت کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔