پاک بھارت ڈی جی ایم او کی ملاقات 24 دسمبر کو

پاکستان اور بھارت کی فوج کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز کی ملاقات 24 دسمبر کو ہو رہی ہے۔
پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈی جی ایم او کی ملاقات میں متنازع کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی دونوں ممالک کی فوجوں کے ڈی جی ایم او کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں نیویارک میں دونوں ممالک کے وزرا اعظم نے ملاقات میں ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز کی ملاقات پر اتفاق کیا تھا۔
سرکاری ذرائع ابلاغ میں ملاقات کے مقام کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے تاہم مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ ملاقات لاہور کے قریب پاک بھارت سرحدی مقام واہگہ پر ہو گی۔ اس ملاقات کی دعوت پاکستان نے دی تھی جسے بھارت نے قبول کر لیا۔
ملاقات میں پاکستان فوج کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز میجر جنرل عامر ریاض کی ملاقات اپنے بھارتی ہم منصب ونود بھاٹیہ سے ہو گی۔
خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان رواں سال جنوری میں متنازع کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول یعنی ایل او سی پر کشیدگی میں اضافہ ہوا اور بعد میں جموں سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر بھی دو طرف فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
کئی دنوں تک جاری رہنے والی دو طرفہ فائرنگ کے بعد دونوں ممالک کے سرحدی محافظوں کے درمیان ملاقات میں جنگ بندی کے معاہدے کو بحال رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے پہلے ستمبر میں دونوں ملکوں کے وزرا اعظم نے نیویارک میں اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ باہمی مذاکرات میں پیش رفت کے لیے لائن آف کنٹرول پر امن کی بحالی ضروری ہے جس کا طریقہ کار دونوں فوجوں کے ڈی جی ایم او وضع کریں گے۔ یہ ملاقات نہیں ہو سکی اور اس دوران لائن آف کنٹرول پر کشیدگی پر پھر اضافہ ہوا۔
گذشتہ ماہ تیرہ نومبر کووزیر اعظم نواز شریف کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں فوجوں کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) ’دو تین ہفتوں کے اندر’ ملاقات کریں گے۔







