جنرل شریف لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ

پاکستان کی برّی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے متنازع کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا ہے۔
جنرل شریف نے فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد کنٹرول لائن کے اپنے پہلے دورے میں اگلے مورچوں اور کئی چوکیوں کا دورہ کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق جنرل شریف نے دورے کے دوران لائن آف کنٹرول پر تعینات جوانوں کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کے تعریف کی۔
اس کے علاوہ جنرل شریف نے لائن آف کنٹرول پر ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہونے والے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس سے پہلے جنرل شریف نے برّی فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورے کے لیے قبائلی علاقے شمالی اور جنوبی وزیرستان کا انتخاب کیا تھا۔
خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان رواں سال جنوری میں متنازع کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول یعنی ایل او سی پر کشیدگی میں اضافہ ہوا اور بعد میں جموں سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر بھی دو طرف فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کئی دنوں تک جاری رہنے والی دو طرفہ فائرنگ کے بعد دونوں ممالک کے سرحدی محافظوں کے درمیان ملاقات میں جنگ بندی کے معاہدے کو بحال رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
اس سے پہلے ستمبر میں دونوں ملکوں کے وزرا اعظم نے نیویارک میں اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ باہمی مذاکرات میں پیش رفت کے لیے لائن آف کنٹرول پر امن کی بحالی ضروری ہے جس کا طریقہ کار دونوں فوجوں کے ڈی جی ایم او وضع کریں گے۔ یہ ملاقات نہیں ہو سکی اور اس دوران لائن آف کنٹرول پر کشیدگی پر پھر اضافہ ہوا۔
گذشتہ ماہ تیرہ نومبر کووزیر اعظم نواز شریف کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں فوجوں کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) ’دو تین ہفتوں کے اندر’ ملاقات کریں گے۔تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ یہ ملاقات کب ہو گی۔







