کوئٹہ:پولیس تھانے کے باہر دھماکہ، 5 افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک دھماکے میں پانچ افراد ہلاک اور 35 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
کوئٹہ کے کمشنر عثمان گل کے مطابق یہ دھماکہ شہر کے مصروف لیاقت بازار میں واقع سٹی پولیس سٹیشن کے سامنے ہوا۔
ان کے مطابق بم سائیکل پر نصب تھا اور بظاہر اس کا نشانہ پولیس سٹیشن ہی تھا۔
کوئٹہ کے کمشنر کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں ہلاک ہونے والے پانچ افراد میں پولیس کا ایک اہلکار اور ایک 13 سالہ بچہ بھی شامل ہے جب کہ کل 37 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں پانچ سے چھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
اس دھماکے سے تھانے کے قریب اور بازار میں موجود دس گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
نامہ نگار کے مطابق جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت بازار میں بہت رش تھا اور لوگ عید کی خریداری کے لیے جمع تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بلوچ یونائیٹڈ آرمی نامی علیحدگی پسند تنظیم نے بی بی سی اردو کو فون کر کے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔







