پاک افغان سرحد پر دھماکہ، چھ افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع چمن میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر ایک دھماکے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
فرنٹیئر کور کے ترجمان نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ یہ دھماکہ بابِ دوستی پر بدھ کی دوپہر ہوا اور اس میں ایف سی کے پانچ اہلکاروں سمیت گیارہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دھماکے کے فوری بعد سرحد پر تعینات اہلکاروں نے جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال پہنچایا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایف سی کے ترجمان کے مطابق زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت نازک ہے۔
دھماکے کے بعد پاکستان اور افغانستان کی سرحد تمام آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دی گئی اور سکیورٹی سخت کردی گئی۔
چمن کے راستے ماضی میں افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کو رسد فراہم کی جاتی رہی ہے جبکہ پاکستان افغانستان راہداری معاہدے کے تحت ٹرکوں کی بڑی تعداد بھی یہیں سے آتی جاتی ہے۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق اس سرحد سے یومیہ بیس ہزار سے زیادہ افراد سرحد عبور کرتے ہیں۔



