ڈکلن والش کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ

ایم کیو ایم کے مطابق یہ قانونی نوٹس قانون دان فروغ نسیم کی جانب سے بھیجا گیا ہے
،تصویر کا کیپشنایم کیو ایم کے مطابق یہ قانونی نوٹس قانون دان فروغ نسیم کی جانب سے بھیجا گیا ہے

پاکستان کی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے نیو یارک ٹائمز کے رپورٹر ڈکلن والش، اخبار کے ایڈیٹر، پرنٹر اور پبلیشر کو جماعت کے قائد کے خلاف ’بےبنیاد‘ رپورٹ شائع کرنے پر دس ملین ڈالر ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔

ایم کیو ایم کی ویب سائٹ کے مطابق یہ قانونی نوٹس قانون دان فروغ نسیم کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔

ایم کیو ایم کے مطابق نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے قائد الطاف حسین کے خلاف نیو یارک ٹائمز میں بے بنیاد، شر انگیز اور من گھڑت خبر سے ایم کیوایم اور الطاف حسین کی شہرت کو نقصان پہنچا ہے۔

قانونی نوٹس میں نیو یارک ٹائمز اخبار کے ایڈیٹر، پرنٹر، پبلیشر اور صحافی ڈکلن والش سے سات دن کے اندر غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں قانونی چارہ جوئی کرنے کا کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نیو یارک ٹائمز کے اسلام آباد کے سابق بیورو چیف ڈکلن والش کو مئی 2013 کے انتخابات کے موقع پر نگران حکومت نے ’نا پسندیدہ سرگرمیوں میں ملوث‘ ہونے کے الزامات پر پاکستان بدر کر دیا تھا۔