ایم کیو ایم کا عمران خان پر پانچ ارب ہرجانے کا دعویٰ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں ایم کیو ایم نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ کر کے پانچ ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے تحریکِ انصاف کے رہنما عمران خان کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ کر کے پانچ ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ دعویٰ عمران خان کی طرف سے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کو پی ٹی آئی کی خاتون رہنما زہرہ شاہد کے قتل کا ذمہ دار ٹھرانے اور ان کی کردار کشی کے تناظر میں کیا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ان کی جماعت نے عمران کی طرف سے الطاف حسین پر لزامات کے بعد انھیں ایک قانونی نوٹس بھیجا لیکن عمران خان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا جس کے بعد ایم کیو ایم نے سندھ ہائی کورٹ میں ہتکِ عزت کا مقدمہ درج کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک ٹویٹ میں پی ٹی آئی کی رہنما زہرہ شاہد حسین کے قتل کا ذمہ دار براہِ راست ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو قرار دیا تھا۔
اس مقدمے میں عمران خان اور پی ٹی آئی کو فریق بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی رہنما زہرہ شاہد کو 18 مئی کو رات کے وقت کراچی میں ان کے گھر کے سامنے فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ کراچی میں 20 مئی کو عمران خان کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں نے احتجاج بھی کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایم کیو ایم کے کارکن مطالبہ کر رہے تھے کہ عمران خان اپنے اس بیان پر معافی مانگیں جس میں انہوں نے زہرہ شاہد حسین کے قتل کا ذمہ دار ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو قرار دیا تھا۔







