لاہور: فوڈ سٹریٹ میں دھماکہ، تین ہلاک، درجنوں زخمی

پاکستان کے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے پرانی انارکلی میں بم دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک چھ سالہ بچی سمیت تین افراد ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
دھماکہ سنیچر کی شب لاہور کے گنجان آباد علاقے میں واقع فوڈ سٹریٹ میں ہوا ہے۔
لاہور میں بی بی سی کی نامہ نگار منا رانا نے بتایا ہے کہ دھماکہ رات ساڑھے دس بجے اس وقت ہوا جب لوگوں کی ایک بڑی تعداد فوڈ مارکیٹ میں موجود تھی۔
دھماکہ فوڈ سٹریٹ میں واقع ایک ریسٹورانٹ میں ہوا۔
دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ لاہور میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی اور دھماکے سے دوکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریب ہی موجود فوڈ سٹالز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
لاہور کے سی سی پی او چوہدری شفیق نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ دھماکے میں چھ سالہ بچی ہلاک ہوئی ہے جبکہ پینتیس افراد زخمی ہیں۔
زخمیوں کو میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دو زخمیوں کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لاہور کے ڈی آئی جی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ دھماکہ ایک ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا ہے۔
پولیس اہلکار کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک دوکان کے باہر رکھے فریج کے نیچے چھپایا گیا تھا۔







