پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر دوبارہ مشاورت

پنجاب کے نگراں وزیرِاعلیٰ کو نامزد کرنے کے لیے قائم کردہ چھ رکنی کمیٹی منگل کے روز دوبارہ مشاورت کرے گی۔
سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی نے خبر دی ہے کہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے رہنما میاں شہباز شریف نے ن لیگ اور ق لیگ سے تعلق رکھنے والے ارکانِ کمیٹی سے رابطہ کر کے انھیں دوبارہ مشاورت کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ کمیٹی کے پاس کسی فیصلے تک پہنچنے کے لیے منگل کی رات بارہ بجے تک کا وقت ہے۔
اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ کمیٹی کسی فیصلے تک پہنچنے میں ناکام ہو گئی ہے اور اب یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا ہے۔
پنجاب ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں ابھی تک نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کا معاملہ طے نہیں ہو سکا۔
پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ مشاورتی کمیٹی کے پاس رات بارہ بجے تک کا وقت موجود ہے، اور کوشش ہے کہ معاملہ اس سے پہلے ہی حل کر لیا جائے۔
مسلم لیگ ن نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان اور سابق بیوروکریٹ خواجہ ظہیر کے نام تجویز کیے تھے، جب کہ حزبِ مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی کے سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس زاہد حسین اور صحافی نجم سیٹھی کے نام پیش کیے تھے۔
یمٹی کے ارکان نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ وہ منگل کو نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے بارے میں خوشخبری کا اعلان کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کمیٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ تجویز کردہ ناموں پر اعتماد کی کمی ہے۔
کمیٹی کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں پیر کو دوبارہ شروع ہوا تو چھ رکنی کیمٹی نے ان چار ناموں پر تفیصلی غور کیا جو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ ریاض نے تجویر کیے تھے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سیکریٹری قانون نے کمیٹی کو بتایا کہ اس مرحلے پر نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے لیے کوئی نیا نام شامل نہیں کیا جا سکتا۔
کمیٹی نے گزشتہ روز اتوار کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور صوبائی سیکریٹری قانون سے یہ رائے مانگی تھی کہ آیا کمیٹی نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے کوئی نیا نام شامل کر کے اس پر غور کر سکتی۔
پنجاب ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں ابھی تک نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کا معاملہ طے نہیں ہو سکا۔
اجلاس کے بعد کمیٹی کے رکن چودھری ظہیر الدین نے بتایا کہ کمیٹی ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی تاہم نگراں وزیر اعلیٰ کے معاملے پر بات مبثت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور کمیٹی نتیجے کے قریب پہنچ گئی ہے۔
چودھری ظہیر الدین نے بتایا کہ منگل کو تجویز کردہ چار ناموں سے نام شاٹ لسٹ کیے جائیں گے اور وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے بارے میں خوشخبری سنائی جائے گی۔
مسلم لیگ ن نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان اور سابق بیوروکریٹ خواجہ ظہیر کے نام جب کہ حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی کے سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس زاہد حسین اور صحافی نجم سیٹھی کے نام تجویز کیے ہیں۔
لاہور سے ہمارے نامہ نگار کے مطابق کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان نے میڈیا کو بتایا کہ حزب مخالف نے حکومت کے تجویز کردہ دو ناموں پر جو اعتراضات اٹھائے تھے ان کو دلیل کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔
رانا ثناء اللہ خان نے بتایا کہ ان کی جماعت نے دیگر جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد دو نام تجویز کیے ہیں اس لیے اپوزیشن ان کے ناموں سے کسی ایک نام کا انتخاب کرے۔







