
پشاور میں ایک مہینے کے دوران موبائل فونز کی دکانوں پر یہ چوتھا حملہ ہے
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں اُنیس افراد زخمی ہو گئے۔
مقامی پولیس کے ایک افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ دھماکہ ہشتنگری کے علاقے خُوشحال بازار میں واقع ایک موبائل فونز کی ایک دکان میں ہوا جس کے نتیجے میں اُنیس افراد زخمی ہوئے جن میں دو کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے سے دکان بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئ ہے جبکہ قریب ہی کچھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اہلکار کے مطابق پشاور میں گزشتہ ایک مہینے کے دوران موبائل کے دکانوں پر یہ چوتھا حملہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خُفیہ ادراروں کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں بارہ خُودکش حملہ آوروں کے داخل ہونے کی اطلاعات ہیں جس کے بعد سے پشاور میں تلاشی کے عمل میں اضافہ کردیاگیا ہے۔
دوسری جانب سرکاری عمارتوں اور دوسری جگہوں پر پولیس کی سکیورٹی مذید سخت کردی گئی ہے۔ البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ خُودکش حملہ آوروں میں کوئی خاتون شامل ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ ایک ڈیڑہ مہینے میں شدت پسندی کے پچاس سے زیادہ واقعات پیش آئیں ہیں۔ جس میں سرکاری عمارتوں پر حملے اور ہدف بنا کر قتل کئے جانے والے واقعات شامل ہیں۔






























