
ڈاکٹر طاہر القادری نے بتایا کہ بتایا کہ مذاکرات کے دوران ان کا اور حکمران سیاسی جماعتوں کا الیکشن کمیشن کی دوبارہ تشکیل پر اختلافات ختم نہیں ہوسکے
حکمران جماعتوں اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان قومی اور صوبائی اسمبلیاں وقت سے پہلے تحلیل کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے اور اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان سات سے دس دنوں میں کیا جائے گا۔
مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان قائرہ نے کہا کہ حکومت سات سے دس دن میں قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کی کوشش کرے گی۔
حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں اور ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان اتوار کو لاہور میں انتخابی اصلاحات پر مذاکرات ہوئے۔
عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اعلان کیا کہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ یہ طے پاگیا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیاں سولہ مارچ سے قبل تحلیل کر دی جائیں گی۔
عوامی تحریک کے سرابراہ نے بتایا کہ انہوں نے مذاکراتی ٹیم سے یہ مطالبہ کیا کہ انتخابات سے قبل ترقیاتی فنڈز کو روک دیا جائے تاہم حکومتی مذاکراتی ٹیم نے ان کی اس رائے سے اتفاق نہیں کیا۔
ترقیاتی فنڈز کو روکنے کے بارے میں وقاقی وزیر اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ یہ فنی معاملہ ہے۔ان کے بقول پارلیمنٹ کام کر رہا ہے اور اسے کام کرنے سے روکا نہیں جاسکتا۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے بتایا کہ بتایا کہ مذاکرات کے دوران ان کا اور حکمران سیاسی جماعتوں کا الیکشن کمیشن کی دوبارہ تشکیل پر اختلافات ختم نہیں ہوسکے۔
عوامی تحریک کے سربراہ کے بقول ان کا مذاکراتی ٹیم کے ساتھ اس بات بھی اتفاق ہوگیا ہے کہ نگران وزیر اعظم اور نگران وزراء اعلیٰ کے ناموں پر بھی ان سے مشاورت کی جائے گی۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مذاکرات میں یہ طے پایا کہ اسمبلیوں کی تحلیل سے قبل اعلامیے کو قانونی تحفظ دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات قمرالزمان کائرہ نے بتایا کہ عوامی تحریک کے ساتھ آئندہ اجلاس کی تاریخ کا فیصلہ اکیتس جنوری کو کیا جائے گا۔






























