
صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ انتخابات کو ملتوی کرنے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات بغیر تاخیر کے مقررہ وقت پر آئین کے مطابق ہوں گے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق جاری کردہ ایک بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک میں انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے جس میں ایک دن کی تاخیر بھی نہیں ہوگی اور کسی کو بھی انتخابات کے عمل کو کسی بھی وجہ سے روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ انتخابات کو ملتوی کرنے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں لانگ مارچ کے مسئلے کو پرامن طور پر حل کرنے کو جمہوریت کی فتح قرار دیا۔
یاد رہے کہ تحریکِ منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت سے کئی مطالبات کیے تھے جن میں الیکشن سے پہلے الیکشن کمیشن کو تحلیل کرنا اور انتخاباتی اصلاحات کا مطالبہ بھی شامل تھا۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے ہزاروں افراد کے ہمراہ تیرہ جنوری کو لاہور سے اسلام اباد کی طرف لانگ مارچ کیا تھا اور چودہ جنوری سے سترہ جنوری تک اسلام اباد کے ڈی چوک پر دھرنا دیا تھا۔انہوں نے یہ دھرنا حکومت کے ساتھ طے پانے والے ’اسلام آباد لانگ مارچ ڈیکلریشن‘ کے بعد ختم کر دیا تھا۔ اس معاہدے کی رو سے قومی اسمبلی کو سولہ مارچ سے پہلے تحلیل کیا جائے گا، جو کہ پہلے سے ہی اس ایوان کی معینہ مدت ہے، تاکہ اس کے بعد نوے دن کے اندر اندر انتخابات کا انعقاد کروایا جا سکے۔
دریں اثنا صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مسلم لیگ نون سمیت حزب اختلاف کی مختلف جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بلاتا خیر عام انتخاب کے جامع اور دو ٹوک شیڈول کا اعلان کرے۔
یہ مطالبہ مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف کی رہائش گاہ پر بدھ کو ہونے والے حزب مخالف کی جماعتوں کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔
انہوں نے حکومت سے نگران حکومت کے قیام اور انتخابات کی تاریخوں کا واضح تعین کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔






























