حملوں کی روک تھام کے لیے کوشاں ہیں: زلمے رسول

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 30 نومبر 2012 ,‭ 10:05 GMT 15:05 PST

پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے

افغانستان کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر زلمے رسول نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستانی علاقے میں ہونے والے حملوں کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم اس علاقے میں امن قائم کرنا ایک مشکل عمل ہے۔

انہوں نے یہ بات پاکستانی وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر سے بات چیت کے بعد اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔

زلمے رسول جمعہ کو پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ اُن کے ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ کُنٹر اور نورستان سے پاکستانی علاقے میں ہونے والے حملے روکنے کے لیے افغان حکومت مسلسل کوششیں کر رہی ہے لیکن وہاں امن و امان کا قیام مشکل کام ہے۔

افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اُن کے ملک میں یہ مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر امن عمل کو جاری رکھا جائے۔

اس موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اپنے افغان ہم منصب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں پاکستان کے بطور سہولت کار کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ہے اور پاکستان یہ کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کابل میں جنوری میں ہونے والی پاک افغان علماء کانفرنس میں بھی شرکت کرے گا۔ پاکستانی سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پریس کانفرنس کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اس کانفرنس میں دنیا بھر کے علماء کو دعوت دی جائے گی جس میں خودکش حملوں سے متعلق حتمی رائے کے بارے میں اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ اور دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے اور مذاکرات کا تسلسل ضروری ہے تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

افغان امن کونسل کے دورے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کونسل کا دورہ کامیاب رہا جس کے دوران افغان قیدیوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>