
زخمی افراد میں قبائل لیویز فورس کے دو اہلکار بھی شامل ہیں
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور لیویز فورس کے دو اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ دھماکے جمعرات کو شورش زدہ علاقے ضلع ڈیرہ بگٹی کے دو مختلف حصوں میں ہوئے۔
تینوں بم دھماکوں میں دو خواتین سمیت تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔
زخمی افراد میں قبائل لیویز فورس کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔
ڈیرہ بگٹی میں لیویز پولیس کے رصالدار احمد میر نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تین افراد کی ہلاکت کا واقعہ پلواہ میں پیش آیا۔
انھوں نے بتایا کہ پہلے واقعہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں کے دھماکے میں ایک خاتون اور ایک بچی ہلاک ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ اس دھماکے کے بعد لیویز فورس کے دو اہلکار اور ایک سویلین شخص جب دھماکے کی جگہ پر پہنچے تو ایک دوسری بارودی سرنگ پر ان کا پاؤں آنے سے دونوں لیویز اہلکار شدید زخمی ہو گئے جبکہ ان کے ساتھ آنے والا سویلین شخص ہلاک ہو گیا۔
انھوں نے بتایا کہ تیسرا دھماکہ ڈیرہ بگٹی پولیس کے علاقے شمسر میں ہوا جس کے نتیجے میں ایک سویلین شخص زخمی ہو گیا۔
انھوں نے کہا کہ تینوں افراد کو علاج کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں لیویز فورس کے اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔






























