
بارودی سرنگ پھٹنے سے فرنٹیئر کور کے تین اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے دوعلاقوں ڈیرہ بگٹی اور سبی میں بم دھماکوں کے دو مختلف واقعات میں فرنٹیئرکور کےتین اہلکاروں سمیت کم از گیارہ افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سبی میں موٹرسائیکل میں نصب بم جبکہ ڈیرہ بگٹی میں دھماکہ بارودی سرنگ پھٹنے سے ہوا۔
سبی پولیس کے مطابق شہر کے وسطی علاقے نشتر روڈ پر واقع کریم چوک پر نامعلوم افراد نے موٹرسائیکل میں بم نصب کررکھا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کم ازکم آٹھ افراد ہلاک جبکہ تحصیلدار اور تین بچوں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔
دھماکہ شدید نوعیت کا تھا جس کے نتیجے میں پانچ دکانوں اورقریب کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
سبی پولیس کے مطابق بم دیسی ساختہ تھا جسے ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور اس کا بظاہرٹارگٹ تحصیلدار سنی قاضی پرویز تھے جو دھماکے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ زخمی ہونے والے تینوں بچے بھی تحصیلدار سنی قاضی پرویز کے ساتھ تھے۔
بم دھماکے کا دوسرا واقعہ بلوچستان کے شورش زدہ علاقے ضلع ڈیرہ بگٹی میں پیش آیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے مرو میں نامعلوم افراد کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پھٹنے سے فرنٹیئر کور کے تین اہلکار موقع پر ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔
بارودی سرنگ کے دھماکے سے ہلاک و زخمی ہونے والے اہلکاروں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ۔






























