
بلوچستان میں غائب ہونے والے افراد کی بازیابی کے لیے مظاہرہ۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر سے منگل کو سات افراد کو اغوا کر لیا گیا۔
مغویوں کو کوئٹہ سے سبی جانے والی ایک مسافر ویگن سے اتارا گیا۔ ان میں مسافر ویگن کے ڈرائیور اور کلینر کے علاوہ پانچ مسافر شامل ہیں۔
ضلعی پولیس آفیسر بولان غلام دستگیر ترین نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’ان افراد کو گزشتہ شب کوئٹہ سے سبی جاتے ہوئے ڈھاڈر کے قریب سے اغوا کیا گیا۔‘
مغویوں کو ویگن سے اتارنے کے بعد مسلح افراد نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔
اغوا ہونے والے پانچ مسافروں کا تعلق سبی سے بتایا جاتا ہے جواپنے ایک زخمی رشتہ دار کے علاج معالجے کے بعد مذکورہ ویگن میں واپس جارہے تھے۔ زخمی شخص اس ماہ کے اوائل میں سبی کے نشتر روڈ پر ہونے والے بم دھماکے میں زخمی ہوا تھا۔
پولیس نے ابتدائی تفتیش کے حوالے سے بتایا کہ مذکورہ افراد کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا ہے۔دو ہزار نو کے بعد سے بلوچستان میں اغوا برائے تاوان کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے حالیہ عبوری حکم میں بلوچستان حکومت کی لوگوں کی جان ومال کے تحفظ میں ناکامی کی جو وجوہات گنوائی تھیں ان میں اغوا برائے تاوان کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ بھی شامل ہے۔






























