
ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ جوابی کاروائی میں پانچ شدت پسند ہلا ہوئے لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے
پشاور کے مضافاتی علاقے بڈھ بیر میں فرنٹیئر کانسٹبلری اور شدت پسندوں کے مابین جھڑپ میں ایک اہلکار اور ایک شدت پسند ہلاک جبکہ چار شدت پسند زخمی ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب بڈھ بیر میں باڑہ شیخان کے قریب فرنٹیئر کانسٹبلری کے اہلکار جھاڑیوں کی صفائی کی نگرانی کر رہے تھے۔
پشاور پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ مقام قبائلی علاقے کی سرحد کے قریب ہے اور اکثر شدت پسند تشدد کی کارروائیاوں کے بعد ان بڑھی ہوئی جھاڑیوں کی آڑ میں فرار ہو جاتے تھے۔
پولیس کے مطابق ان جھاڑیوں کی صفائی کے دوران شدت پسندوں نے فرنٹیئر کانسبلری کے اہلکاروں پر فائرنگ کی ہے جس سے ایک اہلکار ایاز ہلاک ہوا ہے ۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں ایک شدت پسند ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں لیکن شدت پسند فرار ہوتے وقت موقع واردات سے لاش اور زخمیوں کو ساتھ لے گئے ہیں۔
ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ جوابی کارروائی میں پانچ شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
بڈھ بیر کے علاقے میں کچھ عرصے سے تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ماہ بڈھ بیر کے قریب سکیم چوک پر ایک دھماکے میں دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔






























