خیبر: مکان پر گولہ گرنے سے چار ہلاکتیں

،تصویر کا ذریعہ
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں حکام کے مطابق ایک مکان پر گولہ گرنے سے تین بچوں سمیت چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
خیبر ایجنسی میں پولیٹکل انتظامیہ کے ایک افسر نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ اتوار کی صُبح تحصیل باڑہ اور پشاور کے سرحدی کے علاقے شخان میں دولت میر نامی مقامی قبائلی کے مکان پر نامعلوم سمت سے آنے والا مارٹر کا ایک گولہ گرا۔
اس واقعے میں تین بچوں سمیت چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں دولت میر کی بیوی، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔
اہلکار کے مطابق دولت میر کی ایک بیٹی کی عمر تین سال، دوسری کی ایک سال، بیٹے کی عمر دس سال بتائی جاتی ہے۔
زخمیوں میں دولت میر کے رشتہ دار شامل ہیں۔
مقامی پولیٹکل انتظامیہ کے افسر کے مطابق گولہ گرنے سے مکان کے دو کمرے مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور لاشیں ملبے تلے دب گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی افراد نے لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا اور زخمیوں کو ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں گزشتہ دو سال سے شدت پسندوں کے خلاف غیر اعلانیہ کارروائی جاری ہے جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے درجنوں اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی نشانہ بنے ہیں۔
تحصیل باڑہ خیبر ایجنسی میں ایک حساس تحصیل سمجھی جاتی ہے۔جہاں طالبان شدت پسندوں کے علاوہ لشکر اسلام اور امن کمیٹیوں کے کئی مُسلح گروپ موجود ہیں۔
تحصیل باڑہ میں گزشتہ دو سالوں کے دوران ایک سو سے زیادہ لاشیں بھی ملی ہے۔جن میں اکثر سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے۔







