کراچی: پولیس کا چھاپہ،مزید نوادرات برآمد

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے چھاپہ مار کر گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والے مزید نوادرات برآمد کیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق سنیچر کو کی جانے والی یہ کارروائی ان افراد کی نشاندہی پر کی گئی جنہیں جمعہ کو نوادرات سے بھرے ٹرک کے ہمراہ پکڑا گیا تھا۔
<link type="page"><caption> برآمد کیے گئے نوادرات کی تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/multimedia/2012/07/120706_gandhara_recovered_rh.shtml" platform="highweb"/></link>
کراچی پولیس کے افسر لطیف صدیقی کے مطابق ان افراد نے دورانِ تفتیش ابراہیم حیدری کے علاقوے میں ایک گودام کی نشاندہی کی تھی جس پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے دو بڑے ڈبے ملے جو نودرات سے بھرے ہوئے تھے۔
لطیف صدیقی کے مطابق ’ہم نے ٹرک سے ملنے والے نوادرات کی فہرست تیار کر لی ہے اور یہ تعداد میں تین سو سے زائد ہیں جبکہ سنیچر کو برآمد کیے جانے والے سامان کی گنتی ابھی باقی ہے‘۔
سندھ کے محکمۂ آثارِ قدیمہ کے ڈائریکٹر قاسم علی قاسم نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ان ڈبوں میں بدھا کے مجسمے، مورتیاں، کانسی کے نوادرات، برتن اور آرائشی کتبے موجود تھے۔
خیال رہے کہ کراچی پولیس نے جمعہ کو ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کورنگی کی سنگر چورنگی کے قریب ایک ٹرک کو روک کر اس سے بظاہر نادر مجسموں اور بتوں پر مشتمل یہ پوری کھیپ قبضے میں لی تھی۔



