جنوبی وزیرستان: طالبان کمانڈر ہلاک

،تصویر کا ذریعہ
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل برمل میں دانہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے تحریک طالبان کے سابق سربراہ نیک محمد کے بھائی محمد ولی اور ان کے محافظ کو ہلاک کردیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق محمد ولی بدھ کی رات اعظم ورسک سے اپنے علاقے دانہ پہنچے اور انہوں نے اپنے ایک رشتہ دار کے پاس قیام کیا۔
ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی چارپائیاں گھر کے سامنے ایک کھلے میدان میں رکھی تھیں کہ اس دوران نا معلوم افراد وہاں پہنچے اور ان پر فائرنگ کر دی۔
اس حملے میں محمد ولی اور ان کے محافظ بخت گل موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ محمد ولی طالبان کمانڈر نیک محمد کے بھائی تھے۔
مقامی ذرائع نے بی بی سی کے نامہ نگار عزیز اللہ خان کو بتایا کہ نیک محمد کی ہلاکت کے بعد مولوی عمر کو اس گروپ کا کمانڈر مقرر کیاگیا۔
مولوی عمر شمالی وزیرستان میں مبینہ طور پر ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہوگے تھے جس کے بعد محمد ولی کو اس گروپ کا کمانڈر بنایا گیا۔
طالبان کے دیگر گروپوں کے ساتھ اختلافات کے نتیجے میں محمد ولی یہ علاقہ چھوڑ کر شمالی وزیرستان چلے گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گزشتہ سال عید الاضحی کے بعد طالبان کے ان گروپوں کے کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں راضی نامہ ہو گیا تھا اور محمد ولی اپنے علاقے واپس آ گئے تھے۔







