پشاور: دھماکے میں سات افراد زخمی ہو گئے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک پولیس چوکی کے باہر ہونے والے دھماکے میں سات افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ دھماکہ رنگ روڈ پر واقع مال منڈی میں ایک پولیس چوکی کے باہر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں سات افراد زخمی ہو گئے جبکہ چوکی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پولیس اہلکار جمیل خان نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ اتوار کو پولیس چوکی کے باہر مٹی سے بھری ہوئیں حفاظتی بوریوں کے ساتھ نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جو ایک زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے پولیس کی چوکی کے ایک دیوار کو نقصان پہنچا ہے اور دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس نے قریبی علاقے میں مشکوک افراد کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
پولیس کے مطابق پولیس چوکی کے قریب مال منڈی ہے اور دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں عام شہری زیادہ بتائے جاتے ہیں۔
زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیاگیا ہے۔ زخمیوں میں ایک بچی بھی شامل ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ اس واقعہ سے ایک دن پہلے سنیچر کو جی ٹی روڈ پر پولیس سٹیشن کے قریب اس وقت ایک دھماکہ ہوا تھا جب پولیس اہلکار سینٹرل جیل پشاور سے تین قیدیوں کو مردان لے جا رہے تھے۔اس دھماکے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ سترہ زخمی ہوئے تھے۔







