میرانشاہ قلعے پر حملہ، تین اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جشن آزادی کے موقع پر نامعلوم افراد نے سکاؤٹس قلعہ میرانشاہ پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں تین اہلکار ہلاک جبکہ بائیس زخمی ہوگئے ہیں۔
میرانشاہ میں ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ اتوار کی صُبح سات بجے کے بعد سکاؤٹس قلعہ میرانشاہ پر نامعلوم افراد نے اس وقت چار راکٹ داغے جب سکاؤٹس فورس کے اہلکار سکاؤٹس گراؤنڈ میں جشن آزادی کے پریڈ میں مصروف تھے۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں تین اہلکار ہلاک جبکہ بائیس زخمی ہوئے ہیں۔
اہلکار کے مطابق چاروں راکٹ سکاؤٹس گراؤنڈ کے احاطے میں گرے۔ دھماکوں کے بعد اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو سھنبالا اور پریڈ دوبارہ جاری رکھی۔
اس علاوہ شمالی وزیرستان کی ایک دوسری تحصیل میں بھی سکاؤٹس قلعہ رزمک پر راکٹ لانچر کے دو گولے داغے گئے ہیں جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ان دونوں واقعات کے بعد سکیورٹی فورسز نے بھی کارروائی کی ہے جس میں قریب پہاڑی سلسلوں پر گولہ باری ہے جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
اس واقعہ کی ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی حکام نے کسی پر الزام لگایا ہے۔
یادرہے کہ تین ہفتے پہلے شمالی وزیرستان کے سرکردہ جرگے نے کورنر خیبر پختونخوا مسعود کوثر کو یقین دلایا تھا کہ شمالی وزیرستان میں طالبان کا کوئی نیٹ ورک نہیں ہے اور نہ سرکاری املاک پر حملے کا کوئی خطرہ موجود ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







