عتیقہ اوڈھو کے خلاف مقدمہ درج

،تصویر کا ذریعہfile
راولپنڈی میں ٹی وی اور فلم کی ادکارہ اور سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر اور مشیرِ اطلاعات عتیقہ اوڈھو کے خلاف شراب رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشل ائرپورٹ پر عتیقہ اوڈھو کے سامان کی تلاشی کے دوران اُس وقت شراب کی دو بوتلیں برآمد ہوئیں تھیں جب وہ قومی آئرلائن کی پرواز سے کراچی جارہی تھیں۔
کسٹم حکام نے بوتلیں قبضے میں لینے کے بعد مذکورہ ادکارہ کو جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دے دی تھی۔کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعہ پر عتیقہ اوڈھو نے اہلکاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
ہمارے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق یہ مقدمہ سپریم کورٹ کی طرف سے اس واقعہ کا نوٹس لینے کے بعد درج کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب پولیس کے سربراہ، ڈائریکٹر جنرل ائرپورٹ سیکورٹی فورسز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین کو نوٹس جاری کیے تھے۔
اس معاملے سے متعلق پنجاب پولیس کے سربراہ کے علاوہ اے ایس ایف کے سربراہ نے بھی عدالت میں جواب جمع کروادیا ہے۔
راولپنڈی کے تھانے ائرپورٹ میں درج ہونے والے اس مقدمے کے تفتیشی افسر ناظم علی کا کہنا ہے کہ اگر ملزمہ نے اس مقدمے میں ضمانت نہ کروائی تو اُن کے عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے کی استدعا کی جائے گی۔
ضابطہ فوجداری کے مطابق شراب لے کر جانے کی دفعات قابل ضمانت ہیں اور کوئی بھی دفعہ تیس کا مجسٹریٹ اس میں ملوث ملزم کی ضمانت لے سکتا ہے۔ جس تھانے میں یہ مقدمہ درج کیا گیا ہو اُس تھانے کا ایس ایچ او بھی شخصی ضمانت لینے کا مجاز ہے۔
اس مقدمے کے حوالے سے عتیقہ اوڈھو کا موقف جاننے کے لیے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی تاہم اُن سے رابطہ نہیں ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان فواد چوہدری نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عتیقہ اوڈھو کے خلاف درج ہونے والے مقدمے کی چھان بین کے لیے پارٹی کے چیف کوارڈینیٹر چوہدری شہباز کی سربراہی میں ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کمیٹی کا اجلاس دس جون کو طلب کیا گیا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عتیقہ اوڈھو نے بتایا ہے کہ اُنہیں سیاسی وابستگی کی بنا پر اس مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ عتیقہ اوڈھو کے بقول اُنہوں نے نہ تو کبھی شراب نوشی کی اور نہ ہی وہ شراب کی بوتلیں لے کر جارہی تھیں۔
اُنہوں نے کہا کہ عتیقہ اوڈھو نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے تاہم پارٹی نے اُن کا استعفی قبول نہیں کیا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد عتیقہ اوڈھو کے استفعے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان نے سپریم کورٹ کی طرف سے اس واقعہ کا از خودنوٹس لینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ کی نظر میں عوامی اہمیت کا مطلب تبدیل ہوگیا ہے جبکہ عدالت کو صحافی سلیم شہزاد کے قتل کا معاملہ نظر نہیں آرہا۔







