ایبٹ آباد: امریکی کارروائی کی رپورٹ درج

- مصنف, ذوالفقار علی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
ایبٹ آباد پولیس نے بلال ٹاؤن کے علاقے میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کے لیے ہونے والی امریکی کارروائی سے متعلق ابتدائی رپورٹ درج کر لی ہے جس میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔
ایبٹ آباد کے ضلعی پولیس افسر کریم خان نے بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ ’ہم نے متعلقہ تھانے کے روزنامچے میں صرف ہیلی کاپٹر گرنے کے متعلق رپورٹ درج کی ہے‘۔
انہوں نے روزنامچے میں درج کی گئی رپورٹ کے مندرجات بتاتے ہوئے کہا کہ ’رپورٹ میں ہم نے صرف اتنا لکھا ہے کہ ہم جب وہاں پہنچے تو وہاں پہلے ہی پاکستان کے سیکیورٹی اہلکار موجود تھے اور انہوں نے ہمیں کہا کہ آپ بیرونی علاقے کو کور کریں جس پر ہم واپس آگئے‘۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ سکیورٹی اہلکاروں سے مراد کیا فوجی اہلکار ہیں تو ان کا جواب ہاں میں تھا۔
اس سوال پر کہ کیا رپورٹ میں ہیلی کاپٹر امریکی بتایا گیا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف یہ لکھا ہے کہ ہیلی کا پٹرگرا ہے یہ نہیں لکھا کہ ہیلی کاپٹر امریکی تھا یا پاکستانی۔
جب ان سے استفسار کیا گیا کہ کیا رپورٹ میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کا ذکر ہے تو کریم خان کا جواب نفی میں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ہم نے صرف ہیلی کاپٹر کے گرنے کی ہی رپورٹ درج کی ہے اور جب ہمارے پاس شواہد آئیں گے اور سکیورٹی ایجنسیز اپنی تحقیقات مکمل کر لیں گی اس کے بعد ہی ہم مزید تحریری کارروائی کریں گے۔ فی الحال ہم نے واقعے کے ضمن میں قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
اسں دوران پولیس حکام نے کہا ہے کہ جس مکان میں امریکی کمانڈوز نے اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اس مکان کو پاکستان کی فوج نے منگل کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے لیکن یہ سر بمہر ہے اور پولیس اس مکان کے اندر داخل نہیں ہوسکتی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







