پہلا جے ایف تھنڈر طیارہ فضائیہ کے حوالے

- مصنف, بیورو رپورٹ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان میں چین کے تعاون سے تیار ہونے والے پہلے جے ایف 17 تھنڈر طیارے کو پاکستان فضائیہ کے حوالے کر دیاگیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کی فنی امداد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چین ہمیشہ ہی سے ہی پاکستان کا خیرخواہ رہا ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فضائیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان طیاروں کی تیاری پاکستان کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے پاک فضائیہ کو بہت مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی بہت خوشی ہے اور انہیں فخر ہے کہ یہ منصوبہ ان کی حکومت کے دوران مکمل ہوا ہے۔
جے ایف طیاروں کے بارے میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان طیاروں کی تیاری پاکستان کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے پاک فضائیہ کو بہت مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی بہت خوشی ہے اور انہیں فخر ہے کہ یہ منصوبہ ان کی حکومت کے دوران مکمل ہوا ہے۔
خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ این آر او سے مستفید ہونے والے آٹھ ہزار افراد میں سے صرف چونتیس سیاستدان ہیں۔انہوں نے میڈیا سے کہا کہ وہ باقی افراد کا بھی ذکر کریں اور صرف سیاستدانوں کو ہی تنقید کا نشانہ نہ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آین آر او سے مستفید ہونے والے تمام افراد کا ہر دور حکومت میں احتساب کرنے کا کہا جاتا رہا ہے لیکن کسی بھی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ وہ آج کے دن پر روشنی ڈالیں نہ کہ آین آر او پر۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی فضائیہ کے سربراہ راؤ قمر سلمان نے کہا کہ اگلے برس جون تک پہلا جے ایف تھنڈر سکاڈرن مکمل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیالیس میں سے چالیس طیارے پاکستان ائیر ناٹیکیل کمپیلکس میں تیار ہوں گے۔



