آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بحری جہاز سے سمندر میں گرنے والے چینی شہری کو پاکستانی ماہی گیروں نے بچا لیا
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کی سمندری حدود میں چینی تجارتی بحری جہاز سے حادثاتی طور پر گِر کر غوطے کھانے والے ایک چینی شہری کو پاکستان کے مقامی ماہی گیروں نے بچا لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چینی شہری بحری جہاز سے سمندر میں گر گیا تھا۔
حکام کے مطابق کراچی کے قریب واقعے بنڈال جزیرے کے پاس سے بدھ کے روز اس چینی شہری کو بچایا گیا ہے۔ ماہی گیروں کی قریبی بستی ابراہیم حیدری کے رہائشی ماہی گیر حاجی عبداللہ نے بتایا کہ انھوں نے پھوٹی کریک کے قریب ایک شخص کو ڈوبتے دیکھا تھا جس کے بعد وہ فوراً وہاں پہنچے اور دیگر ماہی گیروں کی مدد سے اس شخص کو باہر نکالا۔
بعدازاں پتا چلا کہ وہ غیرملکی چینی شہری تھا جس کا نام زوو ژیانگ ہے۔
دوسری جانب میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ’پی ایم ایس اے بیس صداقت‘ کو مقامی ماہی گیروں کے ذریعے ہنگامی کال موصول ہوئی کہ انھوں نے ایک ڈوبتے ہوئے چینی شخص کو بچا لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس چینی شہری کو مقامی ماہی گیروں کی کشتی ’المدیہ‘ پر سوار ماہی گیروں نے بچایا جس کے بعد اسے بحفاظت محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔
چینی شہری کو ابراہیم حیدری میں میری ٹائم کے مرکز میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور تفصیلی چیک اپ کے لیے ہیڈ کوارٹر میری ٹائم منتقل کیا گیا۔
بعد میں حکام کو اس بات کی تصدیق موصول ہوئی کہ یہ شخص 10 اگست کو کوسکو شپنگ کے ’زنگ شنگہائی‘ نامی تجارتی جہاز سے کراچی بندرگاہ کے قریب گرا تھا۔