مریم نواز کی اپنے بیٹے کی شادی میں گانے کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مریم اور جنید صفدر کا موازنہ، کچھ سیاسی تبصرے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف، ان کے بیٹے جنید صفدر اور مریم کے کزن حمزہ شہباز کی ایک شادی کی تقریب میں گانے کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

جہاں کوئی اسے نجی معاملہ قرار دے رہا ہے تو وہیں کسی کو گانا پسند آیا ہے، تو کسی کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ وہ شادی میں کیا کر رہے ہیں، صرف اُن کے خلاف موجود مقدمات سے ہے۔

یہ شادی مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی ہے اور اس میں مریم کو سٹیج کے سامنے صوفے پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک اور ویڈیو میں حمزہ شہباز کو مریم نواز، اُن کے شوہر کیپٹن صفدر اور دیگر افراد کی موجودگی میں بھی گانا گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل مریم نواز نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اُن کے بیٹے کی شادی ایک نجی، خاندانی معاملہ ہے اور ایک ماں کے طور پر اُن کا بھی حق ہے کہ وہ سیاسی تبصروں کی زد میں آئے بغیر اس موقعے سے لطف اندوز ہو سکیں۔

دوسری طرف سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے خاندان کی ان ویڈیوز پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جہاں ان ویڈیوز پر خوشی کا اظہار کیا، تو وہیں انھیں ’نارمل‘ اور نجی معاملہ قرار دیا، مگر وہ آخر میں اپنا سیاسی مؤقف بھی دے گئے۔

منگل کی شام کو اپنی پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ اُنھیں تو بہت اچھا لگا کیونکہ ’نارمل‘ پاکستان ایسا ہی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اُن کی نجی زندگی میں جو خوشیاں ہیں، وہ اُن کو مبارک ہوں، ہمارا تو صرف اُن سے سیاسی اختلاف ہے کہ ہمارے پیسے واپس کر دیں۔‘

فواد چوہدری کا الزام نواز شریف کے خاندان کے مختلف افراد پر جاری مقدمات کی جانب تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نواز شریف کے بھائی اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی بھی گانے کی مختصر ویڈیو سامنے آ چکی ہیں۔

کس نے اچھا گایا؟

یہاں پہلے ہم آپ کو وہ ویڈیو دکھاتے ہیں جس میں جنید صفدر اپنی شادی کی تقریب میں محمد رفیع صاحب کا ایک مشہور گانا گاتے ہیں۔

صحافی اور ٹی وی پروڈیوسر عدیل راجہ نے بھی مریم نواز کے گانے کی ایک ویڈیو (جس میں وہ نظر نہیں آ رہیں) پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مریم اچھا گا لیتی ہیں مگر وہ جنید صفدر کے قریب تر بھی نہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ گانے کا مقابلہ اُن کے خیال میں جنید صفدر نے جیتا۔

صحافی و کالم نگار جویریہ صدیق نے لکھا کہ مریم نواز گانے میں اچھی ہیں۔ تو اُن کے نیچے مریم کی ہم نام ٹوئٹر صارف نے کہا کہ حمزہ بہتر ہیں، مگر جنید دونوں سے ہی بہت اچھے ہیں۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ باقی سب چھوڑیں، میاں صاحب (نواز شریف) کے علاوہ شریف خاندان میں سب ہی اچھی آواز رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ویسے یہ ان کے لیے اچھا کیریئر آپشن ہے۔

مرزا فرّخ نے لکھا کہ مریم کو اپنے بیٹے کی شادی میں گاتا سن کر اندازہ ہوا ہے کہ وہ پاکستان کے کئی پروفیشنل گلوکاروں سے اچھا گاتی ہیں۔

صارف عالیہ رشید نے لکھا کہ مریم نواز کی آواز بہت خوبصورت ہے۔ ساتھ ہی اُنھوں نے لکھا کہ دوستو، ایک لمحے کے لیے سیاست کو ایک طرف رکھو اور گانے کا مزہ لو۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ کھیلوں، کتابوں اور فنونِ لطیفہ سے مزاج بہتر ہوتا ہے، اور یہ کہ سیاسی شخصیات اچھوت نہیں ہوتیں بلکہ اُن کا یہ انسانی پہلو اُنھیں زیادہ نارمل بناتا ہے۔

مگر کئی لوگ تھے جنھوں نے اس معاملے پر کچھ سنجیدہ رائے کا اظہار کرتے ہوئے گانے کی تعریف وغیرہ سے کام نہیں لیا بلکہ اس سب کو سیاسی حالات کے تناظر میں ہی دیکھا۔

صارف کامران علی خان شیروانی نے مریم نواز کی اسے نجی، خاندانی معاملہ قرار دینے پر سوال کیا کہ جو لوگ ویڈیو بنا رہے تھے وہ آپ کے سامنے بیٹھے تھے، کیا آپ اُنھیں روک نہیں سکتی تھیں؟

ایک اور صارف ندیم احمد نے مریم نواز کے جواب میں کہا کہ پرائیویٹ محفل کو پرائیویٹ ہی رکھیں۔ اُنھوں نے کہا کہ آپ کو خوشیاں منانے کا پورا حق ہے لیکن اُن کے مطابق ایسی تقاریب سے ویڈیو باہر آتی ہیں تو مہنگائی اور بھوک کے شکار لوگوں کی دل آزاری ہوتی ہے۔

کچھ ٹوئٹر صارفین نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ جب وہ وزیرِ اعظم عمران خان کی نجی زندگی کی رازداری کا خیال نہیں رکھتیں اور اُن کے مطابق خاتونِ اوّل کو بھی سیاسی مباحثے میں شامل کر لیتی ہیں، تو پھر وہ اپنے بیٹے کی شادی میں کس طرح رازداری کا تقاضہ کر رہی ہیں؟

صارف محمد ہارون نے لکھا کہ مریم نواز کی یہ بات درست ہے کہ اس معاملے پر سیاست نہ کی جائے، مگر اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسی طرح وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ کا بھی حق ہے کہ اگر وہ پردہ کرتی اور مذہبی لگاؤ رکھتی ہیں تو اُن پر سیاسی تبصرے نہ کیے جائیں۔