گذشتہ ہفتے کا پاکستان تصاویر میں

اپوزیشن کے گوجرانوالہ جلسے سے پرندوں کی سمگلنگ کے خلاف کارروائی تک، گذشتہ ہفتے پاکستان میں پیش آنے والے چند اہم واقعات کی تصاویری جھلکیاں

نواز شریف

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنگوجرانوالہ میں ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد (پی ڈی ایم) کے جلسے سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف نے پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پر اپنی حکومت کو 'رخصت' کرانے اور عمران خان کی حکومت کو برسراقتدار لانے کے لیے 'جوڑ توڑ' کرنے کے الزامات عائد کیے۔ انھوں نے ڈی جی آئی ایس آئی کا بھی نام لے کر ان پر تنقید کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس تقریر کے بعد سابق وزیر اعظم کو ملک واپس لا کر جیل میں ڈالنے کا عزم ظاہر کیا۔
عمران خان

،تصویر کا ذریعہCOURTESY SYED NAQASH

،تصویر کا کیپشنوزیر اعظم عمران خان نے گوجرانوالہ میں ہونے والے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد کے جلسے کو 'سرکس' قرار دیتے ہوئے حزب اختلاف کے رہنماؤں پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اب اپوزیشن کو ایک مختلف قسم کا عمران خان دیکھنے کو ملے گا اور چوروں اور ڈاکوؤں کو کوئی پروڈکشن آرڈر نہیں دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں جناح کنونشن ہال سے ٹائیگر فورس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کا حملہ آرمی چیف پر نہیں، بلکہ فوج پر ہے۔‘
سمگلنگ

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپاکستان میں حکام نے نایاب پرندوں کو ملک سے باہر سمگل کرنے کی ایک کوشش ناکام بنائی ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق سمگل کیے جانے کی اس کوشش میں جن پرندوں کو ملک سے باہر لے جایا جا رہا تھا ان کی بلیک مارکیٹ میں قیمت 20 کروڑ روپے کے لگ بھگ تھی۔ یہ پرندے ناپید ہونے والے جانوروں کی فہرست میں شامل ہیں اور ’انھیں افغانستان سے عرب ممالک میں لے جایا جا رہا تھا۔‘
پاکستان، اقوام متحدہ

،تصویر کا ذریعہPID

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں دوبارہ انتخاب کو سرکاری سطح پر ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے انسانی حقوق کی کونسل میں پاکستان کے دوبارہ منتخب ہونے پر پاکستان کے نیویارک میں مشن کی تعریف کی ہے جس نے پہلے ہی اس کامیابی کی پاکستان کو مبارک باد دے دی تھی۔
سندھ

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے ساحل سمندر کے قریب موجود جزائر کو اپنی تحویل میں لینے کے لیے جاری کیے گئے صدارتی آرڈیننس کو مسترد کردیا ہے۔ صوبائی کابینہ نے اس عمل کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فی الفور پاکستان آئی لینڈز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا ’غیر قانونی اور غیر آئینی آرڈیننس واپس لے۔‘
کراچی

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنکراچی میں مذہبی سکالر مولانا عادل کے قتل کے بعد شہر میں مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے حکومت سے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے اس واقعے کی جلد اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انھیں گذشتہ ہفتے کراچی میں ڈرائیور سمیت ہلاک کیا گیا تھا۔
بلوچستان

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنصوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے شدت پسندوں کے حملوں میں 15 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 21 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے پر دیسی ساختہ ریموٹ کنڑول ڈیوائس (آئی ای ڈی) سے حملہ کیا۔ دوسرا حملہ صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل اورماڑہ میں آئل اینڈ گیس ڈیولیپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے قافلے پر ہوا جس میں ایف سی کے آٹھ سکیورٹی اہلکاروں اور سات سویلین محافظ ہلاک ہوئے۔
سندھ

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنصوبہ سندھ میں یہ موسم پھل چننے کا ہے۔ یہ پھل سندھ کے علاقوں سے چُن کر پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں بھیجے جاتے ہیں۔ اس تصویر میں کیلوں گچھے دیکھے جاسکتے ہیں۔ انھیں مزدور بڑی مہارت سے لاد رہے ہیں۔