Cartoons That Should Return: ٹوئٹر پر کارٹونوں کی بات کیوں ہو رہی ہے؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وہ بھی کیا دن تھے جب سکول سے لوٹنے کے بعد گھنٹوں اپنے پسندیدہ کارٹون دیکھنے کا انتظار کیا جاتا تھا۔ نہا دھو کر، جلدی سے کھانا کھا کے اور ہوم ورک کر کے ٹی وی سکرین کے سامنے بیٹھنے کی خوشی دیدنی ہوتی تھی۔
اب زمانہ بدل گیا ہے اور کارٹون بھی۔۔۔ ٹی وی کی جگہ موبائل فون اور لیپ ٹاپ نے لے لی ہے اور آئے دن نت نئے کارٹون نکالے جا رہے ہیں۔ لیکن ہماری اپنے پسندیدہ کارٹونوں کے لیے محبت نہیں بدلی اور اس بات کا ثبوت ہے ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے والا ہیش ٹیگ #CartoonsThatShouldReturn۔
بچپن کی سنہری یادوں کو تازہ کرتے ہوئے صارفین نے ٹوئٹر پر اپنے پسندیدہ کارٹونوں کی تصاویر لگائیں اور نئی اقساط کی فرمائش کی۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پسندیدہ کارٹون، یادیں اور فرمائشیں
’لونی ٹونز‘، ’ڈریگن ٹیلز‘ اور ’کِڈز نیکسٹ ڈور‘ کو پسند کرنے والی ربیعہ عامر لکھتی ہیں ’یہ کارٹون مجھے ان اچھے وقتوں کی یاد دلاتے ہیں جب میں صبح جلدی اٹھتی تھی اور ناشتے کے ساتھ کارٹون دیکھا کرتی تھی۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter/RabeiaAamir
ظہیرالدین نے تو اپنے بچپن کا کارٹون شیڈول ہی ٹویٹ کر دیا۔ وہ لکھتے ہیں ’ہمیں اپنا بچپن واپس چاہیے جب سب اچھا تھا۔ صبح سات بجے ڈریگن ٹیلز، سکول سے واپس آ کر چار بجے پوکیمون۔۔۔ بچپن شاندار تھا۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter/ZaheerUddin
نوے کی دہائی میں بچپن گزارنے والے عمر اسحاق نے ’پوپائے دی سیلر‘ اور ’کریج دی کاورڈلی ڈاگ‘ جیسے کارٹونوں کو اپنی پسند ظاہر کیا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/RJUmarTweets
کئی خوش قسمت لوگ سکول جانے سے پہلے بھی کارٹون دیکھتے تھے۔ ٹوئٹر صارف فزی کہتی ہیں ’کیمپ لیزلو عجیب طرح سے مزاحیہ تھا اور میں اسے ہر صبح سکول جانے سے پہلے دیکھنا پسند کرتی تھی۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter/Fuzzy
موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سید علی حسن نے اپنے پسندیدہ کارٹون ’پوکیمون‘ کو اُردو میں ڈب کروانے کی فرمائش بھی کر دی۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/SyedAliHassan
فرمائشوں کا سلسلہ رُکا نہیں۔ عمیر احمد خان نے ٹویٹ کیا: میرے پاس تصویر تو نہیں ہے لیکن ’ایونجرز: ارتھس مائٹیئسٹ ہیروز‘ کا تیسرا سیزن نکالا جا سکتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/OmairAhmedKhan
صارف سیمسن جان نے ٹویٹ میں اپنے پسندیدہ کارٹونز کی فہرست لکھ ڈالی۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/SamsonJohn
ٹام اینڈ جیری کے پرستار، بیشمار
’ٹام اینڈ جیری‘ کے ان گنت مداح ہے۔ دنیا میں جو مقبولیت اس شرارتی چوہا اور بلی کے جوڑے کو حاصل ہے، شاید ہی کسی اور کارٹون کے حصے میں آئی ہو۔ انہی خیالات کا اظہار قاسم خانزادہ نے اپنی ٹویٹ میں کیا۔
’ٹام اینڈ جیری، دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی کارٹون سیریز اور بہت مزاحیہ۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter/QaseemKhanZada
صارف انعم مہناز کو تو کوئی دوسری آپشن نظر ہی نہیں آئی۔ وہ لکھتی ہیں ’ایک اور صرف ایک، ٹام اینڈ جیری‘۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/AnumMehnaz
بے بلیڈ کی شوقین شائستہ صدیق نے ٹام اینڈ جیری کو ’بلاک بسٹر‘ قرار دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ وہ بہت شدت سے نئی سیریز چاہتی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/ShaistaSaddiq










