گذشتہ ہفتے کا پاکستان تصاویر میں

مشرف غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے سے لے کر پاکستانی اوپنر عابد علی کی سنچری تک، پاکستان میں گذشتہ ہفتے پیش آنے والے اہم واقعات کی تصویری جھلکیاں

پرویز مشرف

،تصویر کا ذریعہTwitter/@zahaibnabeel

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی اور سنگین غداری کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے انھیں سزائے موت دینے کا حکم دیا ہے۔ ایک ویڈیو پیغام میں پرویز مشرف نے اس فیصلے کو مسترد کیا ہے۔
پرویز مشرف

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنوفاقی حکومت نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف فیصلے کو تمام قوانین کے خلاف قرار دیا ہے۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم (تصویر کے درمیان میں) کا کہنا ہے کہ حکومت خصوصی عدالت کا فیصلہ لکھنے والے جج جسٹس وقار سیٹھ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرے گی اور پرویز مشرف کی سزا کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔
پاکستان، ترکی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستان اور سعودی عرب نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے اس دعوے پر مبنی خبروں کی تردید کی ہے کہ پاکستان نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت سعودی عرب کے مبینہ دباؤ پر نہیں کی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے منگل کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے جنیوا میں ملاقات کی تھی۔
زلزلہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے شمالی علاقہ جات اور افغانستان کے کچھ حصوں میں جمعے کو 6.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں پاکستانی حکام کے مطابق کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا تاہم ایک دیوار گرنے سے ایک بچے کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
کرسمس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنملک بھر کے گرجا گھروں میں کرسمس کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں۔ لاہور کے سیکرڈ ہارٹ چرچ میں عقیدت مند مسیحی برادری کے اس تہوار کے لیے خاص اہتمام کر رہے ہیں۔ ہر سال کرسمس کا تہوار 25 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔
عابد علی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسنیچر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میں عابد علی نے اپنے کریئر کی دوسری سنچری بنائی۔ ان کے ساتھ اوپنر شان مسعود نے بھی اپنی سنچری مکمل کی تھی۔ پاکستان اس میچ میں مضبوط پوزیشن پر ہے۔
پاکستان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنگذشتہ ہفتے پیر کی صبح لاہور میں ایک شخص ٹرین کو رکنے کا سگنل دے رہا ہے۔
ارسلان

،تصویر کا ذریعہ@Redbull

،تصویر کا کیپشنکھیلوں کی ویب سائٹ ای ایس پی این نے پاکستانی گیمر اور ٹیکن چیمپیئن ارسلان ایش کو ’ای سپورٹس پلیئر آف دا ایئر‘ کے اعزاز سے نوازا ہے۔ ارسلان نے رواں برس ٹیکن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی نے ایک سال میں ایوو کے دونوں مقابلے جیتے ہیں۔ وہ ٹیکن کی تاریخ کے پہلے فاتح ہیں جنھوں نے دونوں مقابلوں میں پہلی مرتبہ شرکت کی اور مقابلے اپنے نام کیے۔