آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سمجھوتہ ایکسپریس بحال، لائن آف کنٹرول پر بدستور کشیدگی
لاہور اور نئی دلی کے درمیان چلنے والے ٹرین سروس، سمجھوتہ ایکسپریس جو گزشتہ ہفتے انڈیا کی طرف سے پاکستان کے خلاف فضائی کارروائی کے بعد بند کر دی گئی تھی اتوار سے بحال کی جا رہی ہے۔
انڈیا کی سرکاری خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی نے انڈیا کے ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے حکام اس سروس کو فوری طور پر بحال کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بحالی کے بعد پہلی ٹرین اتوار کو نئی دلی سے مسافروں کو لے لاہور کے لیے روانہ ہو گی۔ جبکہ مارچ کی چار تاریخ بروز سوموار جوابی ٹرین لاہور سے نئی دلی جائے گی۔
مزید پڑھیے
پاکستان میں روزنامہ ڈان نے بھی خبر دی ہے کہ ملک میں ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد نے اعلان کیا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس پیر چار مارچ سے بحال ہو جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گزشتہ ہفتے جنوب مشرقی ایشیا کے ان دو ہمسایہ ملکوں میں جنگ جیسی صورت حال پیدا ہو گئی تھی جو انڈین پائلٹ کی پاکستان سے رہائی کے بعد آہستہ آہستہ معمول پر آ رہی ہے۔ لیکن دونوں ملکو ں کی افواج اب بھی 'ہائی الرٹ' ہیں۔
کشمیر کے متنازع علاقے میں لائن آف کنٹرول پر تعینات دونوں ملکوں کی فوج میں بدستور کشیدگی کی فضا برقرار ہے۔ لائن آف کنٹرول پر سرحد کے آر پار گولہ باری اور ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ ہفتے کو پاکستان کے فوجی حکام کے مطابق انڈین فوج کی فائرنگ میں اس کے دو جوان ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستان کی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے نکیال سیکٹر میں انڈین فوج سےفائرنگ کے تبادلے میں اس کے دو فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈین فوجی اس علاقے میں عام لوگوں کو نشانہ بنا رہے تھے جس کو روکنے کی کوشش میں پاکستان کے یہ دونوں فوجی اپنی جان پر کھیل گئے۔ آئی ایس پی آر نے ان دونوں فوجیوں کی شناخت حوالدار عبد الرب اور نیک خرام کے ناموں سے کر دی ہے۔
اس پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سرحد کے پار بھی انڈین فوج کے جانی نقصان کی اطلاعت ہیں۔
آئی ایس پی آر نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کی رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ تتاپانی اور جندروٹ کے سیکٹر میں انڈیا کی طرف سے آبادی پر فائرنگ میں دو دیہاتی ہلاک اور ایک عورت سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو کوٹلی کے فوجی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ۔