آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کیا عمران خان دنیا کے سب سے وجیہہ وزیرِ اعظم ہوں گے؟
- مصنف, ظفر سید
- عہدہ, بی بی سی اردو، اسلام اباد
حیرت انگیز طور پر انٹرنیٹ پر ایسی کئی ویب سائٹیں پائی جاتی ہیں جو دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہوں اور سیاست دانوں کی خوبصورتی کا مقابلہ کرتی رہتی ہیں۔
ایسی ہی ایک ویب سائٹhottestheadsofstate.com ہے جو اپنے نام کے مصداق دنیا کے حسین ترین سربراہان کی ریٹنگ کرتی ہے۔
فی الحال اس فہرست میں کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو سب سے اوپر، سپین کے پیدرو سانچیز دوسرے، جب کہ بھوٹان کے شہنشاہ جگمے گھیسار نامگیل وانگچک تیسرے نمبر پر ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا پر بحث چل رہی ہے کہ اگر اگلے چند دنوں کے اندر اندر عمران خان اپنی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو کیا وہ کسی ملک کے سب سے وجیہہ سربراہ بن جائیں گے؟
مزید پڑھیے
ٹوئٹر پر ایک صارف عائشہ نے لکھا:
'جسٹن ٹروڈو کو بھول جائیں۔ خواتین و حضرات، آپ کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے حسین ترین وزیرِ اعظم، مسٹر عمران خان۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار صحافی رابعہ انعم نے عمران خان کی فتح کی تقریر ختم ہوتے ہی کیا تھا کہ اب ٹروڈو دنیا کے سب سے ’ہینڈسم‘ سربراہ نہیں رہے۔
ٹوئٹر کے ایک اور صارف انجینیئر صدام خان نے لکھا:
'پیارے ٹروڈو! میرے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملو۔ شرمانا نہیں کیوں کہ وہ تم سے زیادہ حسین ہیں۔'
ماریہ شمیم نے لکھا:
'ٹروڈو، میکخواں، جیسنڈا اور اب عمران خان۔ یہ نوجوان/نوجوان لگنے والے، ہینڈسم رہنماؤں کا دور ہے۔'
عمران خان پہلے ہی سے اسی قسم کی ایک اور فہرست میں شامل ہیں۔ اس میں دنیا کے نو حسین ترین سیاست دانوں کی درجہ بندی کی گئی ہے اور اس میں اٹلی کی سابق وزیر مارا کارافانا سرِفہرست ہیں، پاکستان کی سابق وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر تیسرے، جب کہ عمران خان نویں نمبر پر ہیں۔
تاہم چونکہ یہ فہرست صرف سیاست دانوں پر مبنی ہے، سربراہان پر نہیں، اس لیے عمران خان کے مداح امید رکھ سکتے ہیں کہ جب اسے اپ ڈیٹ کیا جائے گا تو عمران خان اوپر چلے جائیں گے۔
تاہم ایسا نہیں ہے کہ سبھی کو عمران خان ٹروڈو سے زیادہ وجیہہ لگتے ہوں۔ عاشر سلام اپنی رائے پیش کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
'اس وقت نیا پاکستان میں سب سے زیادہ آنکھوں کے ہسپتالوں کی ضرورت ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جن کو جسٹن ٹروڈو سے زیادہ عمران خان ہینڈسم نظر آ رہے ہیں۔'