الیکشن 2018: انتخابی بینرز پر آرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر، تحریک انصاف کا امیدوار نااہل

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے انتخِابی پوسٹر پر برّی فوج کے سربراہ اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی تصاویر شائع کرنے پر تحریکِ انصاف کے صوبائی امیدوار کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔

تحریکِ انصاف کے امیدوار ناصر چیمہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 53 سے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں امیدوار تھے۔

ان کے انتخابی پوسٹرز کی تصاویر انتخابی مہم کے آغاز کے بعد سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں اور اس سلسلے میں ایک درخواست الیکشن کمیشن میں بھی دی گئی تھی۔

پیر کو اس درخواست کی سماعت کے بعد چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان فیصلہ سنایا۔

دو جولائی کو گذشتہ سماعت پر چیف الیکشن کمشنر نے ناصر چیمہ کو طلب کیا تھا اور ان سے استفسار کیا تھا کہ کیا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار ان کے رشتہ دار ہیں، جس پر ناصر چیمہ کا کہنا تھا کہ یہ دونوں شخصیات ان کے رشتہ دار نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں!

چیف الیکشن کمشنر نے امیدوار سے استفسار کیا کہ تو پھر اُنھوں نے ان دو اہم شخصیات کی تصاویر اپنے انتخابی بینرز پر کیوں لگائی ہیں۔ جس پر پہلے تو ناصر چیمہ نے کہا کہ یہ بینرز اُنھوں نے نہیں تیار کروائے بلکہ اُن کے حامیوں نے تیار کیے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کے استفسار پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے یہ موقف اختیار کیا کہ چونکہ انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کی طرف سے ضابطۂ اخلاق جاری نہیں ہوا تھا اس لیے اُنھوں نے آرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر لگائی تھیں۔

امیدوار کا کہنا تھا جب الیکشن کمیشن کی طرف سے ضابطۂ اخلاق جاری ہوا اس کے بعد سے ان دونوں شخصیات کی تصاویر انتخابی بینرز سے ہٹا دی گئی ہیں۔

ناصر چیمہ نے اس ضمن میں تحریری جواب بھی جمع کروایا جسے چیف الیکشن کمشنر نے مسترد کرتے ہوئے اُنھیں اس ماہ ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے پاس الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا آپشن موجود ہے۔