آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت مکمل، فیصلہ جمعے کو سنایا جائے گا
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور داماد کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو جمعہ چھ جولائی کو سنایا جائے گا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے دس ماہ تک اس ریفرنس کی سماعت کی۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اس مقدمے کے تین ملزمان جن میں نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر 85 سے زیادہ بار عدالت میں پیش ہو چکے ہیں۔
ایون فیلڈ مقدمے میں منگل کو استغاثہ کے اہم گواہ اور ملزمان کے خلاف تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ واجد ضیا پر مریم نواز اور ان کے شوہر کے وکیل امجد پرویز نے جرح مکمل کرلی ہے۔
استغاثہ کی جانب سے جواب الجواب دلائل نہیں دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی تیمار داری کے سلسلے میں ان دنوں لندن میں ہیں جبکہ ان کی بیٹی مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
سابق وزیر اعظم کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو احتساب عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی پاکستان میں جائیداد کی ضبطگی کے احکامات بھی جاری ہو چکے ہیں۔
نیب کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال ان اشتہاری ملزمان کو وطن واپس لانے کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔
حسن نواز اور حسین نواز برطانوی شہری ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان ملزمان کے تبادلوں کا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے۔
ماضی قریب میں عدالتوں کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے جتنے بھی مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا وہ جمعے کو ہی سنایا گیا جن میں پاناما لیکس کے علاوہ ان کی پاکستان مسلم لیگ نواز کی صدارت کا فیصلہ بھی شامل ہے۔