آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بلوچستان: خاران میں مسلح افراد کے حملے میں چھ افراد ہلاک
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع خاران میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے موبائل فون کے ٹاور پر کام کرنے والے چھ افراد ہلاک کر دیا ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق ان افراد کو خاران شہر سے تقریباً 80 کلو میٹر دور لجے کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ لجے خاران شہر کے مشرق میں واقع ہے۔
خاران انتطامیہ کے ایک سینئیر اہلکار نے بتایا کہ سات افراد لجے کے پہاڑی علاقے میں ایک موبائل کمپنی کا ٹاور نصب کررہے تھے۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد اس علاقے میں آئے اور انھوں نے ٹاور پر کام کرنے والے افراد پر حملہ کیا۔
اس حملے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔
اہلکار نے بتایا کہ مارے جانے والوں میں مزدور اور ٹیکنیشن شامل ہیں اور ان افراد کا تعلق پنجاب کے علاقے اوکاڑہ سے ہے۔
کوئٹہ میں محکمۂ داخلہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والے مزدوروں کو یہاں کام کے لیے لانے سے قبل انتظامیہ سے این او سی حاصل نہیں کیا گیا تھا۔
خاران کوئٹہ شہر کے جنوب مغرب میں تقریباً تین سو کلومیٹر فاصلے پر واقع ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ماضی میں بھی خاران شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں جہاں بدامنی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں وہاں یہ ضلع شورش سے زیادہ متاثرہونے والے اضلاع میں سے ایک آواران سے بھی متصل ہے۔
خاران میں اس سے قبل بھی شاہراؤں کے منصوبوں پر کام کرنے والے مزدوروں پر حملے ہوتے رہے ہیں تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں ان علاقوں میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔