آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
رائیونڈ میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں نو ہلاک، تحقیقات جاری
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے رائیونڈ میں چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
بدھ کی رات پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے دھماکے میں کم سے کم پانچ پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد ہلاک جبکہ 24 افراد زخمی ہوئے تھے۔
ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ جمعرات کو لاہور میں قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب، گورنر، کور کمانڈر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پنجاب پولیس کے آئی جی عارف نواز نے میڈیا کو بتایا کہ خودکش حملہ آور کے اعضا مل گئے ہیں اور حملے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
انھوں نے کہا کہ خودکش دھماکہ رائیونڈ میں ہونے والے مذہبی اجتماع سے 500 میٹر کی دوری پر ہوا۔
اس سے پہلے ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر سید نے بی بی سی کو بتایا کہ اس خود کش حملے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 24 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رائیونڈ میں یہ دھماکہ ایک ایسے وقت پر ہوا ہے جب رائیونڈ میں مذہبی اجتماع جاری ہے اور یہ مذہبی اجتماع 18 مارچ تک جاری رہے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خود کش حملہ مذہبی اجتماع کے باہر موجود سکیورٹی چیک پوسٹ پر ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس بارے میں مزید پڑھیے
ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس حملے میں پولیس اہلکاروں کو ہدف بنایا گیا۔
حکومت پنجاب نے ٹویٹ کی ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائیونڈ میں کم از کم چھ لاشیں اور 14 زخمی لائے گئے ہیں۔
لاہور کے ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے میں اے ایس پی رائیونڈ زبیر نذیر بھی معمولی زخمی ہوئے جنھیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی تھی۔
حملے کا نشانہ بننے والی چیک پوسٹ مذہبی اجتماع کے باہر موجود تھی۔
رائیونڈ میں ہونے والے سالانہ مذہبی اجتماع میں شرکت کرنے کے لیے ملک بھر سے سینکڑوں افراد آتے ہیں اور ہر سال کی طرح اس سال بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی نے رائیونڈ دھماکے میں مذمت کی ہے اور آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔