مسلح افواج کے نام پر چلنے والے جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کاروائی کا مطالبہ

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستانی فوج نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سے ایسے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی درخواست کی ہے جو مسلح افواج اور اس کے متعلقہ اداروں کے نام سے قائم کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کے ایک اعلیٰ اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی اردو کے شہزاد ملک کو بتایا کہ انھیں فوج کی جانب سے 250 سے زیادہ اکاؤنٹس کی فہرست فراہم کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اکاؤنٹس فیس بک اور ٹوئٹر سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بنائے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کے اہلکار کا کہنا تھا کہ جن اداروں کے نام پر جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے ہیں ان میں پاکستان کی برّی، بحری اور فضائی افواج کے علاوہ آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس جیسے خفیہ ادارے بھی شامل ہیں۔
اہلکار کے مطابق ان اکاؤنٹس سے غیرمصدقہ معلومات پھیلائی جا رہی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہfacebook
اہلکار نے مذکورہ اکاؤنٹس کی مزید تفصیلات تو فراہم نہیں کیں تاہم پاکستان میں ٹوئٹر اور فیس بک پر درجنوں ایسے اکاؤنٹس موجود ہیں جو فوج کا نام استعمال کرتے ہیں۔
حالیہ دنوں میں ممتاز وکیل عاصمہ جہانگیر کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر کئی ایسے اکاؤنٹس تھے جو بظاہر فوج کی جانب سے چلائے جا رہے تھے اور ان میں انتقال کی جانے والی وکیل کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی تھی۔
ان اکاؤنٹس کے خلاف سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی تھی اور ان کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کے فوجی ترجمان کی جانب سے عاصمہ جہانگیر کی موت پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔







