آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ریڑھ کی ہڈی سے مواد نکالنے کا مقصد کیا؟ پولیس معمہ حل کرنے میں ناکام
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر حافظ آباد میں پولیس حکام ابھی تک یہ معمہ کو حل کرنے میں ناکام ہیں کہ آخر ملزم دھوکے سے خواتین کی ریڑھ کی ہڈی سے نکلا جانے والا مواد (سپائنل فلوئڈ) کس مقصد کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا۔
حافظ آباد پولیس کے سربراہ ڈاکٹر سردار غیاث گل نے بی بی سی اردو کے ذیشان ظفر کو بتایا کہ مقدمے کے مرکزی ملزم ندیم تفتیش کے دوران بار بار جھوٹ بول رہا تھا جس کی وجہ سے بدھ کو اس کا پولی گراف ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ24 سالہ ملزم ندیم نے بتایا کہ وہ عرفان نامی ایک شخص کے لیے نمونے جمع کر رہا تھا۔ جب مذکورہ شخص سے تفتیش کی تو اس نے بتایا کہ وہ اس کا چچا زاد بھائی ہے اور ان کی دو برس سے بول چال بند ہے اور دشمنی کی وجہ سے ملزم نے اس کا نام لیا ہے۔
اس بارے میں مزید پڑھیے
ڈی پی او کے مطابق ندیم خود بھی پولیو کا مریض ہے اور اس نے اپنے دوسرے بیان میں بتایا کہ ہسپتال میں ساجد مسیح نامی شخص نے ان اسے کہا تھا کہ وہ اگر 15 نمونے دے گا تو اسے 40 ہزار روپے معاوضہ دے گا۔
لیکن ساجد مسیح نے بھی تحقیقات کے دوران ملزم سے جان پہچان سے انکار کیا ہے تاہم اس کے ہسپتال سمیت دیگر رابطوں کے حوالے سے چھان بین جاری ہے۔
ڈاکٹر سردار غیاث گل کے مطابق ’چونکہ ملزم دیگر افراد پر الزام عائد کر رہا ہے اور وہاں سے آگے کوئی لنک نہیں بن رہا اور نہ کوئی چیز اسٹیبلش ہو رہی ہے تو اس وجہ سے ایک تو ملزم کا پولی گراف ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے اور دوسرا اس کے قبضے سے ملنے والے نمونوں کا تجزیہ کرایا جا رہا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈی پی او کے مطابق ملزم نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس نے ابھی تک 12 خواتین کی ریڑھ کی ہڈی سے نمونے حاصل کیے ہیں اور اس میں بھی غلط بیانی کی کیونکہ ہمارے پاس وقت 23 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
متاثرہ خواتین کی عمر کے بارے میں بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے زیادہ تر کی عمر 18 سے 19 برس ہے جبکہ تین سے چار خواتین درمیانی عمر کی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ متاثرہ خواتین کے بیانات کی مدد سے معلوم ہوا ہے کہ نمونے حاصل کرنے کا سلسلہ دو ماہ پہلے شروع ہوا تھا۔
ڈی پی او کے مطابق ملزم کے قبضے سے حاصل کردہ نمونوں کو فورینزک لیبارٹری بھیجا گیا ہے جہاں ایک دو دن میں رپورٹ سامنے آئے گی تو تحقیقات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
’نمونوں کے تجزیے سے معلوم ہو گا کہ اس میں ہے کیا، اگر ہڈی کا گودا نکل آتا ہے( جس کا امکان نہیں)، تو یہ منظم گروہ ہے، اگر 'سپائنل فلوئڈ‘ نکلتا ہے تو اس سمت میں تحقیق ہو گی اور اگر سادہ سلائن واٹر نکل آتا ہے تو اس کا مطلب ہو گا یہ کچھ بھی نہیں کر رہا تھا بلکہ نو سو ہزار روپے کے لالچ میں نوسربازی کر رہا تھا۔‘
ڈی پی او کے مطابق ملزم نے بتایا کہ وہ غریب لڑکیوں کے والدین کو جہیز کا لالچ دیتا تھا اور ایک فارم کی قیمت چھ سو روپے مقرر کر رکھی تھی جب کہ ملزمہ آمنہ کے گھر پر ٹیسٹ کے لیے نمونہ حاصل کیے جاتے تھے جس کے اضافی دو سو روپے حاصل کیے جاتے تھے۔
اس وقت پولیس نے ملزم ندیم کے علاوہ آمنہ بی بی اور اس کے شوہر اسلم کو گرفتار کیا ہے جس میں آمنہ بی بی گاہک بھی گھیرتی تھی۔