آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’را گلگت بلتستان میں سی پیک کو نشانہ بنا سکتی ہے‘
پاکستان کی وزارت داخلہ نے گلگت بلتستان کی حکومت سے صوبے میں چین پاکستان راہداری کے حوالے سے جاری منصوبوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے لیے کہا ہے۔
اس ضمن میں وزارت داخلہ نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی حکومت کو سکیورٹی سخت کرنے کی تاکید کی۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اس تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بعض ملک دشمن خفیہ اداروں جن میں انڈیا کی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی این ڈی ایس شامل ہے نے گلگت بلتستان میں سی پیک کے حوالے سے جاری منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی مبینہ منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس خطرے کے پیش نظر سی پیک کے تمام منصوبوں کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان حکومت یہ الزام لگاتی رہی ہے کہ پاکستان میں ہونے والے شدت پسند حملوں میں انڈین خفیہ ایجنسی را اور افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کا ہاتھ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نامہ نگار کے مطابق انڈیا ماضی میں بھی سی پیک کا مخالف رہا ہے اور خصوصی طور پر انڈیا نے گلگت بلتستان میں اس حوالے سے جاری منصوبوں پر اعتراضات اٹھائے تھے جنھیں چین نے مسترد کر دیا تھا۔
اسی حوالے گذشتہ روز پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایک تقریب کے دوران تمام ضلعی عدالتوں کو یہ احکامات جاری کیے کہ سی پیک منصوبے سے متعلق کوئی بھی حکم امتناع جاری نہ کیا جائے۔
اس سے قبل سابق آرمی چیف راحیل شریف کے دور میں سی پیک کے منصوبوں پر کام کرنے والے چینی اور دیگر مزدوروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک سکیورٹی ڈویژن بنائی گئی تھی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں سکیورٹی انتظامات کو سخت کریں، گشت بڑھا دیں اور مشتبہ افراد پر گہری نظر رکھیں۔