ڈی ویلیئرز کی نصف سنچری، جنوبی افریقہ کی پوزیشن مضبوط

جنوبی افریقہ نے انڈیا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم پر دوسری اننگز میں 100 رنز سے زیادہ کی برتری حاصل کر لی ہے جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

سنچورین میں کھیلا جانے والا میچ پیر کو کھیل کے تیسرے دن جب خراب روشنی کی وجہ سے روکا گیا تو جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنا لیے تھے اور اسے انڈیا پر 118 رنز کی مجموعی برتری حاصل تھی۔

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی دو وکٹیں صرف تین کے مجموعی سکور پر گر گئی تھیں تاہم اس موقع پر ایلگر اور ڈی ویلیئرز نے اننگز کو سنبھالا اور محتاط انداز میں سکور آگے بڑھایا۔

جنوبی افریقہ کے آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں ایڈن مارکرم اور ہاشم آملہ نے ایک ایک رن بنایا اور دونوں جسپریت بھمرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

اس سے قبل کپتان وراٹ کوہلی کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت انڈیا نے جنوبی افریقہ کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 28 رنز کی برتری ہی حاصل کرنے دی۔

انڈین ٹیم پیر کو میچ کے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 307 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس میں کوہلی کے 153 رنز بھی شامل تھے۔

کوہلی اننگز کے آخر تک کریز پر جمے رہے اور وہ آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔ ان کی اننگز میں 15 چوکے بھی شامل تھے۔

آخر میں آنے والے کھلاڑیوں میں روی چندرن ایشون نے کوہلی کا ساتھ دیا اور 38 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنے مورکل چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

یاد رہے کہ تین میچوں کی اس ٹیسٹ سیریز میں میزبان جنوبی افریقہ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ کیپ ٹاؤن میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ میزبان ٹیم نے 72 رنز سے جیت لیا تھا۔