اسلام آباد: امام بار گاہ کے باہر فائرنگ، دو افراد ہلاک

اسلام آباد میں واقع ایک امام بار گاہ کے باہر فائرنگ میں دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد انڈسٹریل ایریا کے ایس پی لیاقت نیازی نے بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کو بتایا کہ بدھ کی شام کو سیکٹر آئی ایٹ میں واقع امام بار گاہ باب العلم کے باہر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔

انھوں نے بتایا کہ فائرنگ امام بار گاہ میں نماز ادا کر کے نکلنے والے نمازیوں پر کی گئی۔

اس حملے کی ذمہ داری دہشتگرد تنظیم لشکر جھنگوی نے قبول کی ہے تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص حُب دار حسین شاہ موقعے پر ہی جبکہ ایک اور شخص سید عین زیدی ہسپتال میں دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے حُب دار حسین شاہ انٹیلی جنس بیورو میں اے ایس آئی تھے۔

حکام نے بتایا کہ جس وقت فائرنگ ہوئی اس وقت امام بارگاہ پر پولیس اہلکار تعینات نہیں تھا۔

حکام نے مزید بتایا کہ دونوں حملہ آوروں نے علاقے پر نظر رکھی ہوئی تھی۔

’دونوں حملہ آور نماز سے چند منٹ قبل امام بارگاہ کے باہر آئے اور کولر کے پاس کھڑے ہو گئے۔ انھوں نے پہلے پانی پیا اور جب نمازی باہر نکلے تو ان پر فائرنگ کر دی‘۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد راولپنڈی کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

ایس پی لیاقت نیازی کے مطابق نیم فوجی دستے رینجرز کو بھی حملہ آوروں کی تلاش میں مدد کے لیے بلایا گیا ہے۔

حکام نے امام بار گاہ کی سی سی ٹی وی فٹیج حاصل کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔