آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
نیب کو پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے بیانات لینے کی اجازت
پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے قومی احتساب بیورو کو سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف پاناما لیکس کے مقدمے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان کا بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
سابق وزیر اعظم اور ان کے بچوں کے خلاف ریفرنس تیار کرنے والی نیب کی ٹیم نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی تحقیقاتی ٹیم کے ارکان کے بیانات لینا ریفرنس کی تیاری کے لیے ضروری ہیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق میاں نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف احتساب عدالتوں میں ریفرنس کی نگرانی کرنے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الحسن نے نیب کی اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے ارکان کے بیانات ریکارڈ کرنے کی اجازت دے دی۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے جن چھ ارکان کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے ان میں ایف آئی اے کے ایڈشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا، سٹیٹ بینک کے عامر عزیز، سکیورٹی اینڈ سٹاک ایکسچینج کے بلال رسول، قومی احتساب بیورو کے عرفان نعیم منگی جبکہ فوج کے خفیہ اداروں آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلیجنس کے نعمان سعید اور کامران خورشید شامل ہیں۔
سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے اپنے 28 جولائی کے فیصلے میں نیب کو چھ ہفتوں میں وزیر اعظم اور ان کے تینوں بچوں کے علاوہ ان کے داماد اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی احتساب عداتوں میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا اور اس کے علاوہ احتساب عدالتوں کو اس ریفرنس پر چھ ماہ میں فیصلہ دینے کا بھی پابند کیا گیا تھا۔
وزیر اعظم اور ان کے بچوں میں سے کوئی بھی نیب کی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوا اور حکمران جماعت کا موقف ہے کہ جب سپریم کورٹ نے احتساب بیورو کو ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے رکھا ہے تو پھر تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نظر ثانی کی ایک اور اپیل
دوسری طرف نااہل قرار دیے گئے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی ایک اور اپیل دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اُنھیں سنے بغیر عدالت عظمیٰ نے فیصلہ جاری کیا۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی طرف سے دائر کی گئی اس اپیل میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے ان کے موکل سے یہ نہیں پوچھا کہ انھوں نے ایف زیڈ ای کمپنی سے تنخواہ وصول کیوں نہیں کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو 62 ون ایف کے تحت نااہل تو کیا گیا لیکن ان کا ریگولر ٹرائل نہیں کیا گیا۔
اس درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت تنخواہ اس وقت انکم تصور ہوگی جب اس کو بینک اکاونٹ سے نکالا جائے۔ اس درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلوں کے مطابق نااہلی کے لیے ٹھوس شواہد کا ہونا ضروری ہے۔
نظرثانی کی اس درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر سابق وزیر اعظم نے اپنے کاغذات نامزدگی میں تنخواہ کا ذکر نہیں کیا تو اس کو چیک کرنا ضروری تھا کہ تنخواہ جان بوجھ کر نہیں نکلوائی یا کوئی اور وجہ تھی۔