آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
این اے 120 ضمنی انتخاب: کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے گئے
مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیے ہیں۔
لاہور شہر کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہونے ہیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس میں نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا تھا جس کے بعد ان کی نشست پر دوبارہ الیکشن کرائے جانے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
نواز شریف کے خصوصی مشیر نے جمعے کو اس بات کا اعلان کیا کہ مسلم لیگ ن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز الیکشن لڑیں گی۔
لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آصف کرمانی نے بتایا کہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی جمعے کو الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے ہیں۔
آئندہ ماہ ہونے والے اس ضمنی انتخابات میں کلثوم نواز کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد سے ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد نے سنہ 2013 کے عام انتخابات میں نواز شریف کے خلاف 52312 ووٹ حاصل کیے تھے۔
واضح رہے کہ ابتدا میں مسلم لیگ ن کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ اس حلقے سے شہباز شریف الیکشن لڑیں گے اور قومی اسمبلی کی اس نشست سے رکن منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم کا انتخاب لڑیں گے۔
تاہم بعد میں میاں شہباز شریف کو پنجاب سے ہٹا کر وزیر اعظم بنانے کے فیصلے پر پارٹی میں اختلافِ رائے کے بعد یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے پیر کے روز صحافیوں کے ایک وفد کو بتایا تھا کہ ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف فی الحال پنجاب ہی میں رہیں گے اور نواز شریف کی خالی ہونے والی سیٹ این اے 120 سے ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے۔